فیصل آباد(خصوصی رپورٹ ) فیصل آباد کی بڑی دینی درسگاہ جامعہ قادریہ رضویہ میں صاحبزادہ عطا المصطفیٰ نوری کے چوتھے سالانہ عرس اور مختلف کورسز مکمل کرنے والے طلباء کے لیے دستار بندی کی تقریب منعقد کی گئی، ادارے کے 60 طلباء میں درس نظامی، تجوید و قرات اور قران پاک حفظ کرنے پراسناد و انعامات تقسیم کئے گئے ۔تفصیلات کے مطابق ممتاز عالم دین صاحبزادہ عطاء المصطفیٰ نوری کے چوتھے سالانہ عرس کی تقریبات سرگودھا روڈ کے مدرسہ جامعہ قادریہ رضویہ میں ہوئیں ، تقریب میں نعت خواں نے گلہائے عقید ت پیش کئے تو شرکا پر وجد طاری ہوگیا۔ اس موقع پرسالانہ جلسہ دستارِ فضیلت کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں درس نظامی ، تجوید وقرآت اور قرآن حفظ کرنے والے طلبہ کی دستاری بند کی گئی تقریب میں عالم دین مولانا محمد سعید احمد اسد نے خصوصی شرکت کی، شرکاء سے علامہ مفتی محمد شوکت سیالوی نے خطاب کیا تو روح پرور مناظر دیکھنے کو ملے ۔ مفتی محمد شوکت سیالوی نے کہا کہ کسی چیز کے غیر عالم ہونے کے مقابلے میں عالم ہو کر مرنا رب کریم کی بارگاہ میں نہایت اعلیٰ مقام رکھتا ہے ۔ تقریب میں درس نظامی کے 10 ، تجوید وقرآت کے 25 ،اور 25 حفاظ کرام کی دستار بندی کی گئی اس موقع پر سرپرست اعلیٰ جامعہ قادریہ رضویہ ضیاء المصطفے ٰ نوری نے علم کی روشنی سے فیضیاب ہونے والے طلباء کو مبارک باد دی،چیئرمین، جامعہ قادریہ رضویہ ضیاء المصطفے ٰ نوری نے کہا کہ کورس مکمل کرنے والے طلبہ اپنے علاقوں میں جا کر دین اسلام کی تعلیمات دوسروں تک پہنچائیں ۔ قرآن حفظ کرنے والے طلبہ نے بھی دلی مسرت کا اظہار کیا،تقریب میں صاحبزادہ عطا المصطفیٰ نوری کے ا یصال ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی جبکہ شرکاء نے رحمتِ دو عالم ﷺ کی شان میں سلام بھی پیش کیا ۔