اسلا م آباد(خبر نگار خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک،92 نیوز رپورٹ،صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے پنڈورا پیپرز کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس میں شامل تمام پاکستانیوں کے خلاف تحقیقات کرانے کا اعلان کردیا۔ اپنے ٹویٹس میں انہو ں نے کہا غلطی کے مرتکب افرا د کے خلاف مناسب ایکشن لیں گے ، پنڈورا پیپرز نے اشرافیہ کی ناجائز دولت کو بے نقاب کیا کیونکہ ناجائز دولت ٹیکس چوری اوربدعنوانی کے ذریعے جمع کی جاتی ہے ۔کرپشن اور ٹیکس چوری کے ذریعے عوام سے لوٹی ہوئی دولت منی لانڈرنگ کے ذریعے مالیاتی جنت ’’فنانشل ہیونز‘‘ میں بھیجی جاتی ہے ، ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح ترقی پذیر ممالک کی اشرافیہ لوٹی ہوئی دولت ملک سے باہر لے کر جاتی ہے ۔جس طرح ایسٹ انڈیا کمپنی نے ہندوستان کی دولت لوٹی اسی طرح ترقی پذیر ممالک کے سربراہان کر رہے ہیں، بدقسمتی سے امیر ممالک کو اس اعلیٰ سطح چوری کو روکنے میں کوئی دلچسپی نہیں اور نہ ہی چوری شدہ رقم واپس کرنے میں ہے ۔میری دو دہائیوں پر مشتمل جدوجہد یہ کہتی ہے کہ ممالک غریب نہیں ہوتے دراصل کرپشن غربت کا سبب بنتی ہے ، پیسہ لوگوں پر نہیں لگایا جاتا، وسائل کی چوری قدر میں کمی کا باعث بنتی ہے اور غربت کی وجہ سے ہزاروں لوگوں کی اموات ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا اقوام متحدہ کے پینل ’’فیکٹی‘‘ نے 7ٹریلین ڈالرز کے غیر قانونی اثاثوں کی نشاندہی کی تھی جوآف شور کمپنیوں میں لگائے گئے تھے ۔میری عالمی برادری سے اپیل ہے کہ وہ اس انتہائی سنگین ناانصافی کیخلاف بھی ماحولیاتی آلودگی کی طرح آواز اٹھائے کیونکہ اگر ایسا نہ کیاگیاتوامیر اور غریب کے درمیان موجود فرق بڑھے اور دنیا میں غربت میں مزید اضافہ ہوگا۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے پنڈوراپیپرزپراہم پارٹی رہنمائوں کااجلاس آج طلب کرلیا،ذرائع کے مطابق قانونی ٹیم وزیر اعظم کوتحقیقات پربریفنگ دے گی،اجلاس میں پنڈوراپیپرزمیں سامنے آنے والے پی ٹی ارکان کے ناموں پربھی غورکیاجائیگا،وزیراعظم عمران خان تحقیقات پراہم پارٹی بیان دینگے ۔اجلاس میں پنڈوراپیپرز سے متعلق تحقیقات کے حوالے سے مختلف آپشنززیرغورآئینگے جبکہ انکوائری کمیشن کے ذریعے تحقیقات کی تجویز،اصول طے کرنے اورپنڈوراپیپرز میں شامل آف شور کمپنیوں کے بینیفشل اونرزتک پہنچنے پرمشاورت ہوگی۔