لاہور( شوبز ڈیسک) طویل عرصے کے بعد ایور نیو اسٹوڈیو آمد پر فنکاروں نے اداکارہ صائمہ نور کاپرتپاک استقبال کیا ۔ اداکارہ صائمہ نور ایو ر نیوسٹوڈیو میں ہدایتکار سیدنور کی فلم کی ’’ باجرے دی راکھی ‘‘ کی شوٹنگ دیکھنے کے لئے آئیں تو سینئر اداکار اچھی خان سمیت دیگر نے انہیں گرمجوشی سے خوش آمدید کہا ۔ صائمہ نور نے اپنی ماضی کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک دور میں ایور نیو سٹوڈیو ہمارا دوسرا گھر ہوتا تھا لیکن اب حالات بدل چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس فلم کا رائٹر اور ڈائریکٹر اچھا ہوگا وہ فلم ضرورکامیابی حاصل کرتی ہے ۔ میں نے فلموں سے خود عارضی طو رپر کنارہ کشی اختیار کر رکھی ہے اورجب میں سمجھوں گی کہ مجھے فلموں میں کام کرنا ہے تو میں ضرور کام بھی کروں گی۔