مکرمی!پٹرول ، بجلی ، گیس ، اشیاء خوردونوش کے نرخوں میں عصاب شکن اضافے کا طوفان نے پاکستان کے غریب اور متوسط مزدور پیشہ عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے ۔ پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت کے بار بار یقین دہانیوں اور ٹھوس اقدامات کے باوجود ملک کے عوام مہنگائی اور بے روزگار ی کی دلدل میں پھنستے چلے جا رہے ہیں۔ جس کے نتیجے میں ریاست کو بچانے کی دعویدار اتحادی حکومت کی اپنی تمام سیاسی ساکھ دائو پر لگ چکی ہے۔ شماریات ڈویژن کے اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 30.16 اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کھانے پینے کی 19 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور 23 اشیاء میں استحکام رہا۔ اس سنگین معاشی بحران کے نتیجے میں مہنگائی کی شرح 45 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ صارفین کی قوت خرید بھی انتہائی محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ ملک میں جرائم کی شرح میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبورہیں۔ ملک بھر کی افسر شاہی نے نئی آنے والی حکومت پر نظریں مرکوز کرتے ہوئے مہنگائی کے خلاف جاری آپریشن کو صرف کاغذی کاروائی اور فوٹو سیشن تک محدودرکھاہوا ہے۔پاکستان کے منافع خور مافیاز بھی کئی برسوں سے حکومتی اداروں کی سرپرستی میں اس طرح سے عوام کا خون چوس رہے ہیں۔ ( قاضی محمد شعیب، ایڈووکیٹ)