سندھ کے بعد پنجاب حکومت نے بھی صوبہ بھر میں کرونا وائرس سے بچائو کیلئے لاک ڈائون کو موثر بنانے کیلئے منگل کے روز سے میڈیکل سٹورز اور فارمیسی کے علاوہ اشیائے ضروریہ کی تمام دکانیں صبح 9 بجے سے کھولنے اور شام 5 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کرونا وائرس کی وجہ سے پیداشدہ صورتحال کے تناظر میں صوبائی حکومت کا یہ فیصلہ بالکل درست اور صائب ہے جبکہ سندھ میں اس نظام الاوقات پر پہلے ہی عملدرآمد ہو رہا ہے۔ اس فیصلہ کو ملک بھر میں نافذ کردیا جائے تاکہ لوگ کم سے کم گھروں سے نکلیں جس سے کرونا وائرس کے پھیلائو کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ دوسرے اس فیصلے سے صحت و صفائی کے ساتھ ساتھ ہماری ثقافتی و معاشرتی اقدار کی بحالی میں بھی مدد ملے گی جس کے خاندانی نظام پر دوررس مثبت اثرات مرتب ہوںگے اور لوگوں کو اپنے سونے، جاگنے، کھانے پینے اور نشست و برخاست کے اوقات مقرر کرنے میں مدد ملے گی۔ تبدیل شدہ نظام کاروبار کے ہماری معاشی، کاروباری اور ثقافتی زندگیوں میں ایسا توازن پیدا ہو سکتا ہے جو اب ماضی کا حصہ بن کر رہ گیا ہے، جب دکانیں مقررہ اوقات کے مطابق کھلتی اور بند ہوتی تھیں۔ لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے ان کاروباری اوقات کارکی بھرپور پابندی کرائے جائے۔ یہ پابندی مستقبل میں ہماری ثقافتی اقدار کی بہتری کے ساتھ ہماری مجموعی قومی ترقی پر بھی اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔