اسلام آباد (وقائع نگا رخصوصی،لیڈی رپورٹر) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے جگر کے مرض کی بروقت تشخیص پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مساجد اور میڈیا کے ذریعے اس بیماری سے متعلق آگہی پیدا کی جا سکتی ہے ۔ جگر کی بیماری سے متعلق تیسری ایشیابحرالکاہل ایسوسی ایشن سے خطاب میں صدر نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے دنیا کو ہیپاٹائٹس سے پاک کرنے کیلئے 2030ئتک کا تعین کیا گیا ہے ، ہماری آبادی کا 8 سے 10 فیصد حصہ ہیپاٹائٹس سمیت جگر کی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہے ، صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی کیلئے قومی ایمرجنسی کی ضرورت ہے ، جس پر حکومت کام کر رہی ہے ، مختلف سطح پر روابط کو فروغ دیکر بیماریوں کے پھیلاؤ میں کمی لائی جا سکتی ہے ۔عارف علوی سے وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کشمالہ طارق نے ملاقات کی، صدرنے کہاکہ کام کرنیکی جگہوں پر خواتین کو محفوظ اورہراسانی سے پاک ماحول کی فراہمی میں وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کا کردار انتہائی اہم ہے ۔ صدرسے بینکنگ محتسب کامران شہزاد نے بھی ملاقات کی۔ صدر نے صارفین کو نقصان سے بچانے کیلئے بینکنگ محتسب کے کردار کو سراہااور زور دیا کہ شکایت کنندگان کے اطمینان کیلئے بینکنگ محتسب کے احکامات پر بروقت عملدر آمدانتہائی اہم ہے ۔صدر نے سروس کا معیار بہتر بنانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی بشمول ای کمپلینٹس کے استعمال پر زور دیا۔صدرسے برٹش ایشین ٹرسٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رچرڈ ہاکس کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صدر نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے ٹرسٹ کا کردارقابل ستائش ہے ۔