اسلام آباد،کوئٹہ آن لائن (وقائع نگار) جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے کہا ہے کہ کے پی سے باہر صحت کارڈ کا اجراء زبردست اقدام ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سیاحت کے شوقین اور پاکستان کا مثبت چہرہ متعارف کرانے میں پیش پیش رہنے والے جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے حکومت کی جانب سے جاری کیے جانے والے صحت کارڈ کے اقدام کو سراہا ہے ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے کہا کہ صحت کارڈ لاکھوں افراد کے طبی علاج کو بہتر بنائے گا۔ جرمن سفیرنے لکھا کہ پچھلے سال یہ نظام شندور میں بھی دیکھ کر متاثر ہوا تھا، انہوں نے میڈیکل کیمپ کے دورے کی تصاویر بھی شیئر کیں جبکہ جرمنی کے سفیر مسٹر مارٹن کوبلر نے وزیرا علیٰ بلوچستان سے ملاقات کی ۔ جرمن سفیر نے کہا کہ جرمنی کے سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کو بلوچستان میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی جائے گی، صوبے میں ٹیکنیکل ٹریننگ اور ماحولیات کے شعبے میں بھی جرمن حکومت تعاون کرے گی۔ وزیراعلیٰ بلوچستا ن نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔