لاہور (کامرس رپورٹر،خصوصی نمائندہ)سابق وزیر خزانہ و قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے فنانس، ریونیو اور اکنامک افیئرز کے چئیرمین اسد عمر کا کہنا ہے کہ جب وہ وزیر خزانہ تھے تو آئی ایم ایف ان پر مارک اپ کی شرح میں یکمشت چھ فیصد اضافہ کرنے کے لیے دبائو ڈال رہا تھا مگر صنعت و تجارت کے وسیع تر مفاد میں انہوں نے اسے مسترد کردیا ۔بجٹ میں تاجر برادری کے تحفظات دور کرنے کے لئے کردار ادا کریں گے ۔گزشتہ روز لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیمبر کے عہدیداروں اور تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے لاہور چیمبر کے تحفظات اور تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ان کی روشنی میں سفارشات مرتب کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ تاجر برادری کے تحفظات دور کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے لاہور چیمبر کے صدر کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ریفنڈز کا باقاعدہ میکنزم ہونا چاہیے اور کوئی بھی میکنزم اچانک نافذ کرنے کے بجائے پہلے اس کا تجربہ ہونا چاہیے ۔ لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ معاشی ترقی میں تاجر برادری کا کردار بہت اہم ہے لہذا اس کے تحفظات دور کرکے سکون سے کاروبار کرنے کا موقع فراہم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام 2800آئٹمز پر ڈیوٹیاں صفر ہونی چاہیے جس سے صنعتوں کی استعداد کار اور بعد ازاں حکومتی محاصل بڑھیں گے ۔ وفاقی بجٹ کی منظوری سے قبل تاجر برادری کے تحفظات دور کیے جائیں تاکہ اسے حقیقی معنوں میں کاروبار دوست بنایا جاسکے ۔ سابق صدور لاہور چیمبر افتخار علی ملک، میاں انجم نثار، سہیل لاشاری، سابق سینئر نائب صدور عرفان اقبال شیخ، امجد علی جاوا، خواجہ خاور رشید، ایگزیکٹو میٹی اراکین میاں زاہد جاوید، ادیب اقبال شیخ، آسیہ صائل خان ، عثمان خالد اور وسیم چاولہ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ گورنر ہاوس میں لیبر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمرنے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت مزدوروں اور کسانوں کے مسائل تر جیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔سابق حکومت مزدوروں کو حقوق دلانے میں بری طرح ناکام رہی۔(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے دور اقتدار میں مزدور طبقہ کا استحصال ہو تارہا۔انہوں نے کہاکہ مزدور،کسان اور عام آدمی کی بحالی وزیراعظم عمران خان کا مشن ہے جس کے لیے وہ دن رات محنت کررہے ہیں۔