اسلام آباد(خبر نگار)صدارتی ریفرنس کے خلاف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور دیگر کی آئینی درخواستوں کی سماعت پیر 11نومبر کو ہوگی۔بدھ چھ نومبر کو دس رکنی فل کورٹ بنچ نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردی تھی اور قرار دیا تھا کہ بنچ کی دستیابی پر کیس سماعت کے لئے مقرر کرکے وکلا کو آگاہ کردیا جائے گا۔جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں دس رکنی فل کورٹ بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔ ادھر خیبر پختو نخوا میں سکیورٹی فورسز کو انتظامی اختیارات دینے کے بارے میں قانون(ان ایڈ آف سول پاور آرڈیننس )سے متعلق درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کردی گئیں۔چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس گلزار احمد،جسٹس مشیر عالم،جسٹس عمر عطا ء بندیال اور جسٹس قاضی فائز عیسٰی پر مشتمل پانچ رکنی لارجر بنچ بدھ 13نومبر کو درخواستوں پر سماعت کرے گا۔بنچ فاٹا ایکٹ مجریہ 2019 اور پاٹا ایکٹ مجریہ 2018کو غیر آئینی قرار دینے کے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف وفاقی حکومت کی اپیل اور خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے جاری کردہ قانون ان ایڈ آف سول پائور آرڈننس مجریہ 2019 کے خلاف فرحت اللہ بابر اور دیگر کی آئینی درخواستوں کا جائزہ لے گا۔