اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے صدارتی آرڈیننس کے خلاف ن لیگ کی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے ۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ کی عدالت سے جاری 2صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ حکومت دو ہفتوں میں تحریری جواب جمع کرائے ۔ اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہیں ۔دریں اثناء جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی کی 3خواتین ارکان قومی اسمبلی کی نا اہلی کیس کی سماعت وکیل کی عدم موجودگی کے باعث 6 دسمبر تک ملتوی کر دی ۔علاوہ ازیں جسٹس محسن اختر کیانی نے اقلیتوں کے لئے ملازمتوں میں 5فیصد کوٹہ مختص نہ کرنے کے خلاف درخواست پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت سے قبل جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے ۔ درخواست گزارخاتون نسیم پرویزکے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے 2009 کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے کر آرٹیکل 36 پر مکمل عمل درآمد کا حکم دے ۔