کراچی(رپورٹ : ایس ایم امین)سینٹ کی نشست پرجی ڈی اے کے پیرصدرالدین شاہ کی شکست پرسندھ میں اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد خطرے میں پڑگیا ہے ،جی ڈی اے نے تحریک انصاف سے 6 ضمیر فروشوں کی انکوائری کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے اتحاد پرنظرثانی کی دھمکی دے دی ہے ،جی ڈی اے کے تعاون سے سندھ اسمبلی میں سینٹ کی نشستیں حاصل کرنے والی اپوزیشن جماعتوں پر جی ڈی اے امیدوار کوسپورٹ نہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق جی ڈی اے نے آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق تحریک انصاف کوباضابطہ طورپرآگاہ بھی کردیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق کارروائی نہ ہونے پرجی ڈی اے لائحہ عمل کااعلان کرے گی۔جی ڈی اے کا موقف ہے کہ ان کے 14 ایم پی ایز کے ووٹوں سے ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی نے اپنے اپنے امیدواروں کوکامیاب کرایا تاہم جی ڈی اے کے نامزد اور اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار پیر صدر الدین شاہ راشدی کوان کی اتحادی اپوزیشن جماعتوں کے 6 اراکین نے ووٹ کاسٹ نہیں کیے ہیں جوان کی شکست کا سبب بنا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جی ڈی اے نے چھ مشتبہ اراکین سے متعلق تمام معلومات وزیر اعظم عمران خان کو بھجوادی ہیں۔