اسلام آباد،راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر، وقائع نگار،سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،صباح نیوز ) افغانستان کے سفیرشکراللہ عاطف نے صدر ڈاکٹر عارف علوی،آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ اور وزیر خا رجہ شاہ محمود قریشی سے الوداعی ملاقاتیں کی ہیں اورپاکستان کی جانب سے افغان امن و مفاہمتی عمل کیلئے تعاون پرشکریہ اداکیا۔گزشتہ روزشکراﷲ عاطف سے ملاقات کے دوران صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان افغانستان کیساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان تمام ہمسایہ ممالک بالخصوص افغانستان کیساتھ مضبوط تعلقات کے خواہاں ہیں۔پر امن اور مستحکم افغانستان خطے اور پاکستان کے مفاد میں ہے ۔ صدر نے امریکہ طالبان معاہدہ کے تحت افغان لویہ جرگے کے قیدیوں کی رہائی کے فیصلے کو سراہا۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے افغان سفیر کی ملاقات میں پاک افغان تعلقات اور خطے میں قیام امن سمیت دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں دیرپا امن و استحکام افغانستان میں قیام امن سے مشروط ہے ۔ بین الافغان مذاکرات سے افغانستان میں دیرپا امن کی راہ ہموار ہوگی۔ پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتا رہیگا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ روز افغان سفیرشکراللہ عاطف نے جی ایچ کیوکادورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ سے الوداعی ملاقات کی۔ افغان سفیر نے افغان امن و مفاہمتی عمل کیلئے تعاون پر آرمی چیف کاشکریہ اداکیا۔علاوہ ازیں ملاقات کے بعد افغان سفیر نے ٹویٹ میں کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغان امن عمل میں تازہ ترین پیشرفت اور دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں اتفاق کیا گیاکہ افغانستان میں امن خطے اور اس سے آگے کے امن کیلئے ضروری ہے ۔ جنرل باجوہ نے افغان حکومت کی حالیہ امن کامیابیوں کی تعریف کی اور توقع کی کہ وہ انٹرا افغان امن مذاکرات کو جلد شروع کرے ۔ اسلام آباد میں میرے سفارتی دور میں جنرل قمر جاوید باجوہ کے مستقل اور فعال تعاون پر بھی انکا شکریہ ادا کرتا ہوں۔