کراچی(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے نقش قدم پرچلتے ہوئے ان کے قریبی ساتھی اور پی ٹی آئی کے صدارتی امیدوار ڈاکٹرعارف علوی نے بھی صدر منتخب ہونے کے بعد ایوان صدرکی بجائے پارلیمنٹ لاجز میں رہنے کا اعلان کردیا ،کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرعارف علوی کا کہنا تھا کہ صدارتی امیدوار نامزد کرنے پر عمران خان کا اور کراچی والوں کا خاص طور پر مشکور ہوں،عوام سے تعلق ختم نہیں ہوسکتا،صدر رہ کربھی تعلق برقرار رکھناچاہتا ہوں،کراچی میں خصوصی طورپرٹرانسپورٹ ،پانی ،کچرا اور دیگر تمام مسائل حل کیے جائیں گے ۔ عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد تبدیلی کا عمل شروع ہوگیا ،لوگوں کو نوکریاں اور چھت ملے گی ، ہرصوبے میں انسانی حقوق کاخیال رکھا جائے گا،پیپلز پارٹی کو بھی کہتے ہیں کہ سندھ کے لیے مل کر کام کریں۔ ان کا کہنا تھا میری خواہش ہے کہ میں پارلیمنٹ لاجز میں ہی رہوں صدر بننے کے بعد اگر مجھے اجازت ملی تو ایوان صدر میں نہیں پارلیمنٹ لاجز میں رہنا چاہوں گا۔