اسلام آباد( خبر نگار خصوصی،خصوصی نیوز رپورٹر) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے انتخابی عمل میں شفافیت کیلئے آئی ووٹنگ کے نظام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر اداروں کو ہدایت کی ہے کہ جدید سکیورٹی خصوصیات کی حامل الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی تیاری کے عمل کو مزید تیز کیا جائے ، انٹرنیٹ ووٹنگ سسٹم سے نہ صرف سمندر پار پاکستانیوں کو سہولت ہو گی بلکہ مجموعی انتخابی عمل میں بھی بہتری آئیگی۔ وہ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز برائے انٹرنیٹ ووٹنگ سے متعلق ذیلی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن سید امین الحق، وزیر ریلوے سینیٹر اعظم سواتی ، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز،سیکرٹری آئی ٹی شعیب صدیقی، قائم مقام چیئرمین نادرا خالد لطیف اور دیگرحکام نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ انتخابی عمل کی ساکھ محفوظ بنانے کیلئے انتخابی سامان کی سکیورٹی اور دیگر عوامل کو فول پروف، شفاف ہونا چاہئے ۔ وفاقی وزیر ِسائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے وزارت کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی تیاری کیلئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس کے دوران، مختلف نجی کمپنیوں کی جانب سے اپنی مشینوں کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی اور الیکٹرونک ووٹنگ کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا۔اجلاس میں طے پایا کہ نادرا الیکشن کمیشن کی سرپرستی میں آئی ووٹنگ میں سہولت فراہم کریگا۔ صدر مملکت نے ووٹنگ مشین کا ابتدائی ماڈل تیار کرنے پر وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی کاوشوں کو سراہا۔صدر ڈاکٹر عارف علوی سے وزیرِ اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابراعوان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں بابر اعوان نے صدر کو پارلیمانی امور کے بارے میں بریفنگ دی۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے آن لائن ووٹنگ اور انتخابی اصلاحات کے عمل میں صدر مملکت کے کردار کی تعریف کی۔