لاہور (سٹاف رپورٹر ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ عقیدہ توحید مضبوط ہونا چاہیے ۔ دعا اور وسیلہ کی اہمیت اپنی جگہ ، اولاد اللہ ہی دیتا ہے ، کسی اور کااختیار نہیں۔ بعض لوگوں کا اِسے کسی پیر ،فقیر کی دعایا تعویز کا نتیجہ سمجھنا درست نہیں۔ سب سے بڑی نعمت اللہ کی طرف رہنمائی اور صراط مستقیم کی پہچان ہے ۔پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے لوگوں کو یہی تعلیم دی مگر انہیں جادوگر اور مجنون کہا گیا۔سرور کائنات نے لوگوں کو اللہ کی نعمتوں کا احساس دلایا کہ انسان کے وجود میں بے شمار نعمتیں ہیں۔زندگی کے اسباب و سامان کی نعمات الگ سے شکر کی مستحق ہیں۔لوگوں نے پیغمبراکرم کی قدر نہیں کی ، ا ن سے غیر ضروری سوالات کرتے تھے ۔ پوچھتے کہ قیامت کب آئے گی؟ تو اس کا جواب دیا گیا کہ قیامت کا علم خدا کے سوا کسی کو نہیں۔امام جعفر صادق ؑ فرماتے ہیں کہ قیامت کا علم نہ ہونا بھی اللہ کا کرم ہے ۔ اسی طرح موت کا وقت معلوم نہ ہونا بھی ایک رحمت اور نعمت ہے ورنہ انسان موت آنے سے پہلے زندہ درگور ہو جاتا اور عملی قوتیں مفلوج ہو جاتیں۔