کو کلکتہ (این این آئی) بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت پاکستان کیخلاف صرف ایسے وقت پر کوئی کارروائی کرنا چاہتی ہے جب ملک میں عام انتخابات کا مرحلہ قریب آچکا ہو، انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ان کے پاس یہ ثبوت موجود ہے کہ بھارتی انٹیلی جنس اداروں نے 8 فروری کو مرکزی حکومت کو یہ خفیہ اطلاع دے دی تھی کہ ملک میں دہشت گردی کا کوئی بڑا واقعہ ہوسکتا ہے ۔ کولکتہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا میں حیران ہوں کہ آخر مرکزی حکومت گزشتہ 5 برس کے دوران پاکستان کو بھارت کے اندر دہشت گردی کروانے سے کیوں نہ روک سکی ؟ ممتا بنرجی نے بی جے پی کی مرکزی حکومت کو مخاطب کر کے مزید کہا کہ آخر کیا بات ہے کہ جب بھی عام انتخابات کا وقت قریب آجاتا ہے تو آپ (پاکستان کیخلاف) جنگ کا ماحول پیدا کردیتے ہیں۔ مرکزی حکومت کو بتانا ہوگا کہ اس نے دہشت گردی کو روکنے کیلئے کوئی کارروائی کیوں نہیں کی۔ ان مخدوش حالات کے باوجود 78 جوانوں کو قافلے میں اکٹھے سفر کرنے کی اجازت کیوں دی گئی ؟۔اس سوال کا جواب بھی دینا ہوگا کہ پلوامہ میں حملے کے بعد زخمی جوانوں کو علاج کیلئے بذریعہ طیارہ کیوں نہیں لے جایا گیا ؟ ۔