اسلام آباد (وقائع نگار خصوصیمانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف زر داری نے مسلم لیگ (ن)کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار شہباز شریف کو ووٹ نہ دینے کے فیصلہ کے بعد لیگی وفد سے ملاقات سے بھی انکار کر دیا۔نجی ٹی وی کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل مسلم لیگ (ن)کی جانب سے سابق صدرسے ملاقات کیلئے رابطہ کیا گیا توانہوں نے ملاقات کرنے سے صاف انکار کر دیا ۔رپورٹ کے مطابق (ن )لیگ کے چھ رکنی وفد نے آصف زرداری سے ملاقات کیلئے پیغام بھجوایا جس پر سابق صدر نے انکار کر تے ہوئے جواب دیا موجودہ حالات میں آپ کے ساتھ ملاقات نہ بات کر سکتاہوں ۔ ن لیگ نے تین بار آصف زرداری سے رابطہ کرنے کی کوشش اور کہا آپ پارلیمنٹ یا بلاول ہاؤ س جہاں چاہیں ملاقات کرلیں تاہم سابق صدر کی جانب سے انکار کے بعد (ن )لیگ نے مولانا فضل الرحما ن کو آصف زرداری سے ملاقات کیلئے بھجوایا لیکن سابق صدرنے مولانا فضل الرحمان کو بھی یہی جواب دیا کہ شہبازشریف کو بطور وزیراعظم ووٹ دے سکتے ہیں نہ لیگی وفد سے ملاقات کر سکتے ہیں ۔ادھر آصف زرداری سے چینی سفیر نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں خطہ ، عالمی صورتحال اور پاک چین تعلقات پر گفتگو ہوئی، ملاقات ایک گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی۔ زرداری،لیگی وفد