پشاور (اے پی پی)صوبائی وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے کہاہے کہ کرپشن کے خلاف ایکشن لینے سے جمہوریت مزید مضبوط ہو گی ،بلاول کو ابھی تربیت لینے کی ضرورت ہے ، بلاول زرداری سیاست میں اپنے والد سے دور رہیں ورنہ ان کا کیرئیر شروع ہونے سے پہلے ختم ہو جائے گا۔زرداری اور اسفندیار ولی کے پاس کچھ نہیں بچا اس لئے نان ایشوز کو ایشوز بنا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا ۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے اور کچھ ختم نہیں ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ سیاستدان ہمیں ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ زرداری کا احتساب کریں گے تو جمہوریت کو خطرہ ہے ۔پاکستان تحریک انصاف کرپٹ لوگوں کااحتساب کر رہی ہے اور ان سے لوٹی ہوئی رقم واپس لے رہی ہے ہم چوروں اور لٹیروں کو جیلوں میں ڈالیں گے ۔فضل الرحمٰن کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ مدارس کے حوالے سے سے غلط پراپیگنڈہ بند کریں، مدارس میں ہم سب کے بچے پڑھ رہے ہیں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک کو مدینہ کی ریاست کی سوچ لے کر چلا رہی ہے جس میں مدارس کا کردار بہت اہم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فضل الرحمنٰ آج کل بے روزگار ہیں اس لئے غلط پراپیگنڈوں پر اتر آئے ہیں۔