اسلام آباد ، پشاور (لیڈی رپورٹر، نیوز ایجنسیاں ، 92نیوز )پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے عید کے بعد حکومت مخالف تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے تحریک پارلیمنٹ میں نہیں بلکہ سڑکوں پر چلائیں گے ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا نیب اور معیشت ساتھ نہیں چل سکتے ۔ بلاول بھٹو زرداری شہید بی بی کا بیٹا ہے اس کو بھی انگاروں پر چلنا ہے ۔ تحریک چلانے کے ڈر کی وجہ سے ہی اتنے مقدمات بن رہے ہیں، ان کو بھی اندازہ ہے اسلئے وہ اتنے کیس کر رہے ہیں ، علیم خان کی ضمانت پر رہائی خوش آئند ہے ۔ ماضی کی اور موجودہ ایمنسٹی سکیم میں کوئی فرق نہیں، جس کے پاس تھوڑے بہت پیسے ہیں وہ بلیک منی کو وائٹ کر لے گا۔صحافی نے سوال کیا عمران خان کہتے تھے ایمنسٹی سکیم چور اور ڈاکوؤں کیلئے ہے جس پر سابق صدر نے کہا اسلئے تو اپنے لیے لارہے ہیں۔سابق وزیراعظم سے رابطوں کے بارے میں سوال پر آصف زرداری کا کہنا تھا ان سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، میرے پاس نواز شریف کا نمبر نہیں۔ان سے سوال کیا گیا کہ کیا نواز شریف کو آپ نے اکیلا نہیں چھوڑ دیا؟ سابق صدر نے کہا ماشاء اﷲ وہ ہشاش بشاش اور وہ اپنی خواہش کے مطابق اپنے شہر لاہور میں رہ رہے ہیں۔ خلائی مخلوق کے سوال پر آصف زرداری مسکرا کر خاموش ہوگئے ۔ دریں اثنااسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی 5 مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں توسیع کردی جبکہ مزید 2 میں ضمانت منظور کرلی گئی ۔ جسٹس عامر فاروق اور محسن اختر کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے آصف زرداری کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک کہانئے نئے طلبی کے نوٹسز آرہے ہیں۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس د یئے یہ تو لگتا ہے طلبیوں اور ضمانتوں کا سیلاب آرہا ہے ۔نیب کوضمانت کی نئی درخواستوں پر جواب کے لئے کتنا وقت چاہئے ۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا ہر آئے روز یہ نئی درخواست لے آتے ہیں، پرانی ضمانت کی درخواستوں پر عدالت پہلے فیصلہ سنائے ،جن درخواستوں پر ہمارا جواب آچکا ان پر فیصلہ سنایا جائے ۔ عدالت نے پارک لین کیس میں آصف زرداری کی ضمانت میں 12 جون جبکہ ہریش کمپنی کیس میں 29 مئی تک توسیع کردی جبکہ نیب کومزید 2 انکوئریز پربھی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس سے درآمد کی گئی گاڑیوں کی امپورٹ ڈیوٹی کی ادائیگی کے معاملہ پر سابق وزیر اعجاز جاکھرانی کی 22مئی تک عبوری ضمانت جبکہ اومنی گروپ کے خواجہ انور مجید کے بیٹے علی کمال مجید کی بائیس مئی تک عبوری ضمانت منظور کرلی ۔