اسلام آباد،کراچی (خبر نگار خصوصی،نامہ نگار،ٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری پمزمنتقل ، طبی معائنے کیلئے 4رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیاگیا جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم استعفیٰ دیں ہم مولانا کے مارچ کاہر جگہ استقبال کریں گے ۔ پمز کے ترجمان ڈاکٹر وسیم خواجہ نے ہسپتال منتقل کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آصف زرداری کے طبی معائنے کیلئے 4رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیدیا گیا ہے ۔ پروفیسر شجیع صدیقی چار رکنی میڈیکل بورڈ کے سربراہ مقرر ہوگئے ، میڈیکل بورڈ میں ڈاکٹر نعیم ملک، ڈاکٹر عامر شاہ اور ڈاکٹر ذوالفقار غوری شامل ہیں۔ میڈیکل بورڈ نے آصف زرداری کا طبی معائنہ کر لیا اور آصف زرداری کو زیرعلاج رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔پمز ہسپتال ذرائع کا کہناہے کہ سابق صدر کا یعنی بلڈ پریشر نارمل جبکہ بلڈ شوگرمقررہ معیار سے کم ہے ۔ضلعی انتظامیہ نے پمز ہسپتال کو سب جیل قرار دے دیا ہے ۔دریں اثناچیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں نیب کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم استعفیٰ دیں اب نئے انتخابات کرانے پڑیں گے اور انتخابی اصلاحات کرنا پڑیں گی کیونکہ اس کے سوا کوئی چارہ نہیں ۔ ہم نے جمہوریت اور میڈیا کی آزادی کو بحال کرنا ہے ۔ نیب آمریت کا ادارہ اور سیاسی مخالفین کے لئے استعمال ہورہا ہے ، نیب اور معیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے ۔ نیب کے حوالے سے یہ موقف پہلے اپوزیشن کا موقف تھا اور اب حکومت کا اور دیگر اداروں کا موقف ہے اس لئے نیب کو بند کرنا پڑے گا۔ پیپلزپارٹی کے کارکن اور عہدیدار مولانا کے مارچ کا ہر جگہ استقبال کریں گے اور مدد کریں گے ۔ادھر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پراپنے ایک بیان میں آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہسپتال منتقلی مریض کا بنیادی حق ہے ۔ علاوہ ازیں میگا منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 12 نومبر تک توسیع کر دی گئی عدالت نے پارک لین ریفرنس کی سماعت بھی تین ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی ۔عدالت نے جیل میں سہولیات فراہم کرنیکی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔