لاہور(نامہ نگارخصوصی ،اپنے نیوز رپورٹر سے )لاہور ہائی کورٹ نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین آصف ہاشمی کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست پر سماعت یکم اگست تک ملتوی کر دی عدالت نے درخواست گزار کو جواب الجواب جمع کروانے کا حکم دے دیاجسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ آج آصف ہاشمی کی درخواست پر سماعت کی جیل حکام کی جانب سے آصف ہاشمی کی صحت سے متعلق رپورٹ جمع کروا دی گئی ۔درخواست میں موقف اختیار کی گیا ہے کہ آصف ہاشمی کا 2008 سے 2013 کے دوران غیر قانونی بھرتیوں سی کوئی تعلق نہیں نیب کی جانب سے غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق انکوائری میں گرفتار کیا گیا ہے ، نیب ،آصف ہاشمی پر ناجائز بھرتیوں کا الزام ثابت نہ کر سکا، آصف ہاشمی علیل ہیں لہٰذا طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کی جائے ۔دریں اثنا احتساب عدالت میں آصف ہاشمی کے خلاف ایجوکیشن سیکٹر میں میریٹ سے ہٹ کر بھرتی سکینڈل کیس کی سماعت،عدالت نے آصف ہاشمی کو 04 ستمبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجوا دیا، عدالت نے آئندہ سماعت پر آصف ہاشمی کو اس کیس میں دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے ،عدالت نے آئندہ تاریخ سماعت پر نیب کے تفتیشی افسر سے حتمی رپورٹ طلب کر لی،نیب کے مطابق ملزم آصف ہاشمی نے 2009 سے 2012 کے درمیان بطور چیئرمین ملازمین کو بھرتی کیا اور من پسند افراد کو نوازا گیا۔