اسلام آباد(وقائع نگار)وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈانے کہاکہ احتساب کو کسی صورت نہیں روکیں گے چاہے حکومت چلی جائے ، عدلیہ خود مختار ہے ، سارے چور روزانہ نیا ڈرامہ کر رہے ہیں، اداروں کو بدنام کرنے اور توڑنے کی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔گزشتہ روز وفاقی وزیرفیصل واوڈا نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ عدلیہ کے خلاف اگر ٹھوس ثبوت تھے تو وقت پرسامنے لاتے ، انہوں نے کہا کہ وزیرا عظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ وہ کرپشن کے خلاف ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ویڈیو کوئین سیاسی بلیک میلنگ کی کوشش کررہی ہے ، یہ سیاسی سانپ ہیں جن کو پاکستانی قوم نے کئی سال دودھ پلایا ہم ان سانپوں کا سر کچلیں گے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ داسو ڈیم کی زمین تھی ہی نہیں لیکن اس کے باوجود نواز شریف نے فیتے کاٹ دئیے ۔سابق حکمرانوں نے قرضہ لے لیا لیکن منصوبے پر کام شروع نہیں کرایا، 30 سے 36 کروڑ روپے کا یومیہ نقصان ہو رہا تھا، اربوں روپے کی چوری اور جعلی بینک گارنٹی کے معاملات کو سامنے لائیں گے ۔ داسو ڈیم کی تعمیر میں تاخیر کی انکوائری کرارہے ہیں ،ویڈیو کوئین اور کیلبری کوئین کے خاندان کے لوگ اس میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کر دیا گیا۔