لاہور،اسلام آباد،کوئٹہ(اپنے نیوز رپورٹر سے ، 92 نیوزرپورٹ،لیڈی رپورٹر،این این آئی)نیب لاہورنے سٹاک مارکیٹ کرپشن کیس میں ملوث اہم ملزم فیصل کامران کو گرفتارکرلیا،نیب کے مطابق ملزم نے ایکسزگلوبل کے نام سے جوہرآبادمیں مبینہ غیرقانونی برانچ کھول رکھی تھی اورعوام سے انویسٹمنٹ کے نام پر 4کروڑروپے وصول کئے ۔نیب لاہور مرکزی ملزم راجکمار کو پہلے ہی گرفتار کر چکی ہے ۔ملزم کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائیگا۔دوسری جانب احتساب عدالت نے سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ آصف ہاشمی کیخلاف غیر قانونی سرمایہ کاری کیس میں ملزم کے جوڈیشل ریمانڈ اور ڈی ایچ اے لاہور سٹی پراجیکٹ میں اربوں کی کرپشن کے میں ملزم حماد ارشد کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید14 روز کی توسیع کردی۔ نیب بلوچستان نے گوادر اراضی سکینڈل کا ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کردیا،سماعت کل ہوگی۔دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پرمشتمل ڈویژن بنچ نے جعلی اکاؤنٹس میگا کیس کے کراچی جیل میں قید مرکزی ملزمان حسین لوائی اور طحہ رضا کی درخواست ضمانت پر نیب سے جواب طلب کر لیا ۔آصف زرداری کی کمپنی پارک لین کو زمین کی فروخت کے معاملے میں پی پی رہنما فیصل سخی بٹ کی نیب کی جانب سے ہراساں کرنے کے الزام پر مبنی درخواست پر نیب پراسیکیوٹر نے پیرا وائز کمنٹس داخل کرانے کیلئے مہلت طلب کر لی۔ جسٹس عامر فاروق نے خام تیل کی ٹرانسپورٹیشن کے ٹھیکے میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق کیس میں اوگرا جبکہ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کے ملزم شہزاد علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پروزارت داخلہ سے 2 ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ۔