گوجرانوالہ، ایمن آباد، کامونکے (بیورو رپورٹ، نامہ نگاران)پولیس تشدد سے جاں بحق ہونے والے صلاح الدین کی قبر کشائی کرکے دوبارہ پوسٹمارٹم کیلئے میڈیکل بورڈ نے ڈیڈ باڈی سے نمونے حاصل کرلئے ، لواحقین نے دوبارہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کا انتظار شروع کردیا، کامونکے کے نواحی گاؤں گورالی میں جوڈیشل مجسٹریٹ کامونکے محمد عارف کی زیر قبرکشائی کی گئی، لاہور سے پہنچنے والے میڈیکل بورڈ کے چیئرمین سرجن میڈیکو لیگل پنجاب ڈاکٹر عادل ظفر ہیں، ایم ایس میو ہسپتال لاہور ڈاکٹر طاہر خلیل ،سربراہ فرانزک ڈیپارٹمنٹ علامہ اقبال میڈیکل کالج لاہور ڈاکٹر فرحت سلطانہ سمیت تین دیگر سینئر ڈاکٹرز بھی بورڈ میں شامل ہیں، والد افضال نے کہا آج ان کے لئے انتہائی تکلیف دہ مرحلہ ہے اگر پہلے ہی پوسٹ مارٹم رپورٹ صحیح بنائی جاتی تو ان کو آج یہ اقدام نہ اٹھا نا پڑتا ، میں امید کرتاہوں جو تشدد کے نشانات چھپائے گئے تھے ، اس رپورٹ میں سب ظاہر ہوں گے اور حقائق سامنے آسکیں گے ،میرے بیٹے کے قاتلوں کو جان بوجھ کر گرفتارنہیں کیاجارہا ، 22 روز گذرگئے مگرابھی تک ایک بھی ملزم گرفتار نہیں ہوسکا، اس موقع پر قبر کشائی کے انتظامات ایس ایچ او واہنڈو وقاص اکبر ،سب انسپکٹر لقمان گوندل اور سکیورٹی آفیسر فہد سندھو نے کرائے ۔