لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں انجم نثار نے کہا ہے کہ صنعتوں اور تعلیمی شعبے میں روابط کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ صنعتوں کو ہنرمند افراد کی قلت کا سامنا ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ہائر ایجوکیشن کمیشن اور لاہور چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے انڈسٹری اکیڈمیا لنکیج کی جانب سے منعقدہ سیمینار میں کیا ۔لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر ندیم قریشی، سٹینڈنگ کمیٹی برائے انڈسٹری اکیڈمیا لنکیج عمر سلیم اور دیگر ماہرین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ میاں انجم نثار نے کہا کہ تعلیمی پالیسیاں اور نصاب کو صنعتی ضروریات کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ہائر ایجوکیشن کمیشن مل کر صنعتوں اور تعلیمی اداروں میں روابط قائم کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہارت پر مبنی علم کے ذریعے ملکی معیشت کو مضبوط کیا جا سکتا ہے ۔ لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر ندیم قریشی نے کہا کہ صنعتوں اور تعلیمی شعبوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کر کے ہی ہنر مند افرادی قوت پیدا کی جا سکتی ہے ۔