کراچی(سٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نااہل اور کراچی کی دشمن ہے ، کے فور منصوبے کی لاگت بڑھ گئی ہے لیکن پانی میں اضافہ نہیں ہو رہا ہے ۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر کا سب سے بڑا مسئلہ پانی ہے ، کے فور منصوبہ ابھی تک مکمل نہیں ہوا ، مہنگائی کی وجہ سے منصوبے کی لاگت بڑھ گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نااہل ہے کراچی کے مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ، ان کاکہنا تھا کہ ہم شہر کی بہتری کیلئے صرف بیان بازی نہیں عملی کام کر رہے ہیں۔تاجر برادری کی ہڑتال پر کہا کہ ہڑتال کرنے والے وہ لوگ ہیں جو ٹیکس نیٹ میں شامل ہونے سے انکار کر رہے ہیں۔ ہم 5 برسوں میں ملک کا قرضہ بھی اتاریں گے اور ترقی بھی دیں گے ۔