لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرزنے چھ صوبائی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے فرسٹ بورڈز کی منظوری دے دی ہے جبکہ ارکان نے پی سی بی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہارکیا ہے ۔ پی سی بی گورننگ بورڈکے اکسٹھویں اجلاس میں مختلف فیصلے کئے گئے ۔پی سی بی کے آئین 2019 کی شق 16 کے تحت بی او جی نے چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے لیے فرسٹ بورڈز کی منظوری دے دی ہے ۔فرسٹ بورڈز کی منظوری ایک سالہ مدت کے لیے دی گئی ہے ۔پی سی بی اعلامیہ کے مطابق اس مدت کے دوران، یہ فرسٹ بورڈز ماڈل آئین برائے سٹی کرکٹ اور کرکٹ ایسوسی ایشنز میں مینجمنٹ کمیٹیز کو سونپی جانی والی ذمہ داریاں نبھائیں گے ۔ اس میں روز مرہ کے معاملات چلانے اور کرکٹ کلبز کی رجسٹریشن کے ابتدائی عمل کی نگرانی کرنا بھی شامل ہے ، ان ذمہ داریوں میں کرکٹ ایونٹس کا انعقاد بھی شامل ہے ۔ہر فرسٹ بورڈ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ان اعلیٰ پائے کے افراد کو شامل کیا گیا ہے کہ جن سے پی سی بی کو یقین ہے کہ وہ منتخب شدہ کرکٹ ایسوسی ایشنز کو بروقت اور بآسانی اختیارات منتقل کردیں گے ۔بلوچستان کرکٹ ایسوسی ایشن میں قاسم خان جمالی (چیئرمین)، عرفان احمد اعوان، منور خان ترین، مراد اسماعیل، نرگس حمید اﷲ، شاہ دوست، سید فرید الدین اور ظفر اﷲ جدگال کو رکھا گیا ہے ۔ سینٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن میں عبداﷲ خان سنبل (چیئرمین)، احمد علی جان، عامر الیاس بٹ، ارشد احمد خان، عاطف نعیم رانا، بابر الطاف بٹ، شاہ ریز عبداﷲ روکھڑی، محمد عمر اور سرفراز احمد باجوہ شامل ہیں۔خیبر پختون خوا کرکٹ ایسوسی ایشن انور زیب جان (چیئرمین)، عامر نواب، عبدالجلیل خان، فیاض علی شاہ، حارث بلال آفریدی، اخلاق احمد خان، کبیر احمد خان، محمد جاوید آفریدی، روزامین خان اور شاہد خان شنواری پر مشتمل ہے ۔ ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن میں سلیم اصغر میاں (چیئرمین)، عبدالسمیع، آصف فریدی، محمد ایاز بٹ، ندیم احمد عباسی، کرنل ریٹائرڈ نوشاد علی، راجہ ایم ضیاء اشرف اور تنویر احمد شامل ہیں۔ سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن میں عمران حسین (چیئرمین)، عبدالرقیب، آفتاب بلوچ، آغا جاوید احمد، ہدیل عبید، جمیل اے مغل، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ جاوید ضیاء اور سید فاروق حسین شاہ شامل ہیں۔ سدرن پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن محمد انیس خواجہ (چیئرمین)، علی خان ترین، حسن حسین قریشی، خالد فاروق، شاہد احمد بٹ اور تیمور الطاف ملک پر مشتمل ہے ۔ اجلاس میں بی او جی کو بتایا گیا کہ پاکستان بھر میں کلبز کی رجسٹریشن آئندہ ماہ کے آغاز سے شروع ہوجائے گی ۔جو کلب سال 18-2017 اور 19-2018 میں فضل محمود کلب ٹورنامنٹس میں شرکت کرچکا ہوگا، اسے ووٹنگ کا حق دیا جائے گا ۔بی او جی نے الیکشن کے ضابطے اور ڈومیسٹک کرکٹ کے بائی لاز میں مجوزہ تبدیلیوں کی منظوری دے دی ۔چیئرمین احسان مانی نے بی او جی کو انٹرنیشنل معاملات، ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل میڈیا رائٹس پر تفصیلی بریفنگ دی۔