لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) نگران صوبائی حکومت نے صوبہ بھر کی ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کو 6 ارب 57 کروڑ روپے جاری کر دئیے ۔ ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب اکبر حسین درانی کی ہدایات کی روشنی میں فنڈز صوبائی مالیاتی ایوارڈ کے تحت جاری کئے گئے ہیں۔ جو رواں ماہ جولائی 2018 کے غیر ترقیاتی فنڈز کی مد میں خرچ ہوں گے ۔ جن میں تنخواہوں کی ادائیگی کے علاوہ نان سیلری فنڈز بھی شامل ہیں جبکہ محکمہ خزانہ پنجاب نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کو زچہ بچہ کی صحت و غذائیت پروگرام کے لئے بھی فنڈز فراہم کئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جاری کئے جانے والے فنڈز میں سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی لاہور کو 25کروڑ28لاکھ روپے فراہم کئے گئے جبکہ محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کی روشنی میں فنڈز متعلقہ اتھارٹیز کے اکائونٹس میں ٹرانسفر کر دئیے گئے ۔