ملتان (فضیل سہو سے ) جنوبی پنجاب صوبہ ، پنجاب حکومت کی طرف سے انتظامی یونٹ کے قیام کے لئے ابتدائی اقدامات حتمی مراحل میں داخل ہو گئے ہیں، صوبہ کا دارالحکومت ملتان یا بہاولپور ہو گا، زمینی حقائق پر کام بھی شروع کر دیا گیا ہے ، اتفاق رائے سے فیصلہ سامنے لایا جائے گا،حکومت پنجاب جنوبی پنجاب صوبہ کی تحریک کے لئے اس حلقے سے تعلق رکھنے والے ن لیگی ارکان سے بھی رابطے شروع کر دیئے ہیں، اس خطے کے عوام کو اگلے 50 دنوں میں خوشخبری ملنے کا امکان ہے ، چیئرمین ایگزیکٹو کونسل برائے جنوبی صوبہ چودھری طاہر بشیر چیمہ نے بھی روزنامہ 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں جنوبی پنجاب میں انتظامی یونٹ اور دوسرے مرحلے میں جنوبی پنجاب صوبہ بنائے جانے کی نوید بھی سنا دی ، انتظامی یونٹ کے حوالے سے ابتدائی طور پر اختیارات اور آفیسران کی منتقلی بھی شروع ہو گئی ہے ، لاہور سے جوائنٹ رجسٹرار کو آپریٹو سوسائیٹیز نے بھی ملتان میں اپنے فرائض کی ادائیگی شروع کر دی ، سپیشل سیکرٹری ایگریکلچر بھی ملتان میں موجود ہیں، سرکٹ ہائوس ملتان میں سیکرٹریٹ بنائے جانے کے حوالے سے اجلاس بھی ہو چکے ہیں جبکہ ان افسروں نے بہاولپور کے بھی دورے کئے ہیں ، طاہر بشیر چیمہ نے کہا کہ علیحدہ صوبہ کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کیا جا رہا ہے ۔