لاہور(سٹاف رپورٹر )متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے جماعت اسلامی اوکاڑہ کے سابق امیر اور سیاسی رہنما ڈاکٹرلیاقت علی کوثراور ان کے بیٹے سمیت کارکنوں پر پولیس تشدداورانہیں بلاجوازگرفتار کرنے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ صوبے میں پولیس گردی کی انتہاہوچکی ہے ۔پوراصوبہ ہی پولیس اسٹیٹ بن گیا ہے ۔کرپٹ افراد اور کالی بھیڑوں نے محکمہ پولیس کو بدنام کرکے رکھ دیا ہے ۔آئی جی پنجاب واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ڈی ایس پی سٹی پولیس راؤنعیم شاہد کے خلاف سخت الیکشن لیں اور جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹرلیاقت علی کوثر سمیت تمام کارکنوں کوفی الفور رہاکیاجائے ۔انہوں نے کہاکہ بڑھتے ہوئے جرائم کی نشاندہی کرنے کی پاداش میں پُر امن مظاہرین پرلاٹھی چارج کرنا بدترین مثال ہے ۔پولیس کاکام عوام کے جان ومال کاتحفظ کرنا ہے لیکن یوں محسوس ہوتاہے کہ پولیس اپنے اختیارات کاناجائز استعمال کررہی ہے ۔ڈاکٹرلیاقت علی کوثرجماعت اسلامی کے رہنما اورعلاقے میں اچھی شہرت رکھتے ہیں ان کے خلاف پولیس کی طرف سے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنا شرمناک فعل ہے ۔