مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی)اسرائیلی تھنک ٹینک نے کہا ہے کہ غزہ کے حوالے سے اسرائیلی حکمت عملی ناکام ہوگئی ہے جبکہ فلسطینی تنظیم اسلامی جہاد نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ دنیا میں نفرت پھیلانے کی سیاست ترک کردیں۔اسرائیلی سکیورٹی ریسرچ سینٹر کی طرف سے کہا گیا ہے کہ صہیونی حکومت غزہ کی پٹی کے حوالے سے اپنی وضع کردوڈیٹرنس پرمبنی حکمت عملی میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے ،رپورٹ میں کہا گیا کہ غزہ کے محاذ پر اسرائیلی فوج نے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر اسرائیل کی بدنامی ہوئی۔ فلسطینی تنظیم اسلامی تحریک مزاحمت حماس کو کمزور نہیں کیا جاسکا جس سے یہ عیاں ہوگیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں صہیونی ریاست کی دفاعی حکمت عملی بری طرح ناکامی سے دوچار ہوئی ہے ۔فلسطینی تنظیم اسلامی جہاد نے ایک بیان میں کہا کہ شام کے مقبوضہ وادی گولان کو اسرائیل کا حصہ قرار دینے کا ٹرمپ کا بیان صہیونی ریاست کی عرب سرزمین پر غاصبانہ قبضے میں مدد کرنے کے مترادف ہے ۔