گوجرانوالہ، ساہیوال، نارووال، سرگودھا، فیصل آباد (نمائندگان) ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر گوجرانوالہ میں 49،ساہیوال میں 72مقدمات درج کرلئے گئے جبکہ نارووال میں مسلم لیگ ن امیدواراحسن اقبال ، تحریک انصاف کے امیدوار ابرارالحق ، دانیال عزیز، اویس قاسم ، بیگم رفعت جاوید کاہلوں سمیت 19امیدواروں کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے گئے دوسری طرف سرگودھا کے 18امیدواروں کو آج طلب کیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں الیکشن مہم میں شمولیت پر 14چیئرمینوں،وائس چیئر مین،کونسلرز کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ۔اس دوران غیر قانونی آویزاں کئے گئے 3600سے زائد پوسٹر،بینرز بھی اتار لئے گئے ۔نارووال میں احسن اقبال کو اسلحہ کی نمائش اور بڑے سائز کی فلیکس لگانے پر ،تحریک انصاف کے امیدوار ابرارالحق کو بغیر اجازت جلسہ کرنے پر شوکاز جاری کیاگیا،ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے مسلم لیگ ن کو سپورٹ کر نے پر چیئرمین میونسپل کمیٹی پیر سید اظہرالحسن کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیاہے ۔ ساہیوال میں تحریک لبیک کے امیدوار این اے 147خالد صدیق کمیانہ ودیگر نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شار ع عام بند کرکے لاؤڈ سپیکر کا استعمال کرتے ہوئے جلسہ کیا اور دفعہ144کی خلاف ورزی کی جس پر تھانہ فرید ٹاؤن پولیس نے خالد صدیق کمیانہ سمیت72 کس کے خلاف زیر دفعات 341/188 اور 6پنجاب ساؤنڈ سسٹم کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ صدیق کمیانہ کیخلاف تیسری بار مقدمہ درج کیا گیا۔علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر عبدالسلام عارف نے الیکشن میں حصہ لینے والے قومی و صوبائی اسمبلی کے 18 امیدواروں کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر شو کاز نوٹس جاری کیے تھے جن میں این اے 91سے مسلم لیگ ن کے امیدوار ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی ‘ این اے 88 سے تحریک انصاف کے ندیم افضل چن اور حنیف گادھی ‘ این اے 89سے ن لیگ کے محسن شاہنواز رانجھا، این اے 89سے پی ٹی آئی کے انصر اقبال ہر ل ‘ این اے 90سے مجلس عمل کے ڈاکٹر ارشد شاہد ‘ این اے 90سے ن لیگ کے حامد حمید او رپیپلز پارٹی کے تسنیم احمد قریشی او ر پی ٹی آئی کی ڈاکٹر نادیہ عزیز شامل ہیں ، اسی طرح پی پی 80 سے پی ٹی آئی کے غلام اصغر لاہڑی ‘پی پی 79سے آزاد امیدوار نذیر احمد سوبھی ‘ پی پی 74سے ن لیگ کے مناظر علی رانجھا ‘ پی پی 77سے آزاد امیدوار حافظ عبدالرئوف ‘ن لیگ کے ڈاکٹر لیاقت علی خان ‘ پی پی 77سے آزاد امیدوار شبیر حسین ‘ پی پی 79سے ایم ایم این کے امیدوار منیر احمد ‘ پی ٹی آ ئی فیصل جاوید گھمن ‘ پی پی 73سے مجلس عمل کے مبشر احمد گجر شامل ہیں۔علاوہ ازیں الیکشن قوانین کی خلاف ورزی پر سا بق وزیر مملکت را نا افضل اور بلدیاتی نمائندگان کے خلاف رپورٹس بھجوا دی گئیں ۔ ذرا ئع کے مطابق رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ را نا افضل خان کی حمایت کے سلسلہ میں منعقدہ کارنر میٹنگ میں ان کے گن مین اسلحہ کی نمائش کرتے رہے اورلائوڈ سپیکر کابھی استعمال کیا گیا ہے ، بلدیاتی نمائندگان یونین کونسل چیئرمین 50 شفیق الرحمان ، یونین کونسل چیئرمین 48اعظم مجید گجر نے شرکت کی ہے ،جبکہ این اے 107 سے عام انتخابات میں حصہ لینے والے پاکستان مسلم لیگ نواز کے امیدوارحاجی اکرم انصاری ، پی پی112 کے امیدوار میاں طا ہر جمیل ، این اے 103 کے امیدوار علی گوہر بلوچ ، پی پی103 کے امیدوار شہیر داؤد بٹ نے خلاف ضابطہ فلیکس وغیرہ لگائی ہو ئی ہیں ، جبکہ یونین کونسل 125 کے چیئرمین ملازم حسین ، وائس چیئر مین وحید نے بھی پا بندی کے باوجود مسلم لیگ نواز کے امیدواروں کی تقاریب میں شرکت کی ہے ۔