اسلام آباد، کوئٹہ (این این آئی،ا ٓئی این پی)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعظم عمران خان، حمزہ شہباز،کیپٹن (ر)صفدر، سینیٹر پرویز رشید اور دیگر 14افراد کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر جاری کئے گئے نوٹسز واپس لے لئے ۔پیر کو الیکشن کمیشن میں این اے 63، این اے 162،این اے 120 اور پی پی 20 میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں سے متعلق کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر محمد رضا کی سر براہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔وزیراعظم عمران خان کی طرف سے ان کے وکیل شاہد نسیم گوندل الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ یہ نوٹس ایک سال پرانا ہے ، اس وقت ہم اپوزیشن میں تھے اب حکومت میں ہیں ٗالیکشن کمیشن نے عمران خان، حمزہ شہباز،کیپٹن(ر)صفدر ،سینیٹر پرویز رشید ،بلال یاسین،مائزہ حمید،شائستہ پرویز اور طلال چوہدری سمیت دیگر 14افراد کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر جاری نوٹسز واپس لے لئے ٗ الیکشن کمیشن نے مستقبل میں محتاط رہنے کہ ہدایت بھی کردی۔الیکشن ٹربیونل میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال اور حاجی لشکری رئیسانی کی جانب سے انتخابی نتائج کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی ،عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کردئیے ۔الیکشن کمیشن نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 21 کے پولنگ اسٹیشنوں پر بیلٹ باکس اور بیلٹ پیپر چھینے جانے کے معاملے پر ریٹرننگ افسر اور پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی جبکہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 263 سے کامیاب امیدوار کو بھی نوٹس جاری کر دیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق انٹرنیٹ ووٹنگ کے پائیلٹ پروجیکٹ کی رجسٹریشن کاعمل گزشتہ روزختم ہوگیا ہے ۔کل7 ہزار419 سمندر پارپاکستانیوں نے رجسٹریشن کروائی۔ضمنی انتخابات والے 37 حلقوں میں 6 لاکھ 31 ہزار 909 سمندرپارپاکستانی رجسٹریشن کیلئے اہل تھے ۔ممکنہ اہل ووٹرز177 ممالک میں قیام پذیر ہیں۔ اوور سیزپاکستانیوں کو10 سے 14 اکتوبرتک ووٹر پاس کوڈ انکے ای میل پربھیج دیں گے ۔الیکشن کمیشن نے بلوچستان کے حلقہ پی بی 26سے کامیاب امیدوار احمد علی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکے جانے کے خلاف درخواست پر سماعت 19ستمبر تک ملتوی کردی۔