اسلام آباد،پشاور(وقائع نگارخصوصی،نمائندگان 92 نیوز) قبائلی اضلاع میں خیبرپختونخوا اسمبلی کی 16 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں الیکشن کمیشن نے حتمی نتائج جاری کر دیئے جس کے مطابق تحریک انصاف اور آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا ۔ خیبر پختونخوا میں ضم کئے گئے 7 قبائلی اضلاع کی 16 صوبائی نشستوں پر آزار ارکان 6نشستوں کے ساتھ پہلے ، تحریک انصاف 5نشستوں کے ساتھ دوسرے اورجے یو آئی 3سیٹیں جیت کرتیسرے نمبرپررہی، جماعت اسلامی اورعوامی نیشنل پارٹی نے ایک ایک نشست پرکامیابی حاصل کی۔ضلع باجوڑ سے صوبائی اسمبلی کی 3 نشستوں میں سے 2 پر تحریک انصاف کامیاب رہی جب کہ ایک پر جماعت اسلامی نے میدان مار لیا۔پی کے 100 باجوڑ سے پی ٹی آئی کے انورزیب خان 12 ہزار 951 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ،پی کے 101 باجوڑ 2 سے پی ٹی آئی کے اجمل خان 12194 ووٹ لیکر کامیاب، جماعت اسلامی کے ہارون الرشید 10 ہزار 468 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ۔ پی کے 102 میں جماعت اسلامی کے سراج الدین 19 ہزار 88 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں جب کہ پی ٹی آئی کے حمید الرحمان 13 ہزار 436 ووٹ لیکردوسرے نمبر پر رہے ۔ مہمند پی کے 103 پر اے این پی کے نثار مہمند 10 ہزار 366ہووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ،مہمند سے ہی پی کے 104 پر آزاد امیدوار ملک عباس 11751 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ۔ضلع خیبر سے صوبائی اسمبلی کی 3 نشستیں ہیں اور تینوں پر ہی آزاد امیدوار کامیاب قرار پائیے ۔ پی کے 105 خیبر 1 سے آزاد امیدوار شفیق شیر آفریدی نے 18 ہزار 135 ووٹ لے کر میدان مارلیا۔پی کے 106 خیبر 2 سے بھی آزاد امیدوار بلاول آفریدی 12ہزار 814 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے ۔پی کے 107 خیبر 3 سے آزاد امیدوار محمد شفیق 9 ہزار 896 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ۔پی کے 108 ضلع کرم میں جے یو آئی (ف) کے محمد ریاض شاہین نے 12 ہزار 240 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔پی کے 109 کرم 2 سے پی ٹی آئی کے اقبال میاں نے 36 ہزار 536 ووٹ لے کرمیدان مار لیا۔ پی کے 110 اورکزئی سے آزاد امیدوار سابق غازی عزن جمال اورکزئی 18 ہزار 448 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ، عزن جمال سابق وفاقی وزیر جی جی جمال اورکزئی کے فرزند ہیں۔ پی کے 111 شمالی وزیرستان سے پی ٹی آئی کے محمد اقبال خان 10200 ووٹ کیساتھ پہلے نمبر پر رہے ۔شمالی وزیرستان میں پی کے 112پر آزاد امیدوار میر کلام وزیر کامیاب ہو ئے جنہوں نے 12057ووٹ حاصل کئے ۔ پی کے 113جنوبی وزیرستان سے جے یو آئی ف کے امیدوار حافظ اسلام الدین کامیاب قرار پائے ۔جنوبی وزیرستان پی کے 114وانا میں پی ٹی آئی کے نصیر اﷲ وزیر نے 11114 ووٹ لیکر میدان مارلیا جبکہ آزاد امید وار عارف وزیر نے 10272 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر اور جے یو آئی (ف) کے امید وار مولانا صالح وزیر نے 7103ووٹ لیکر تیسرے نمبر رہے ۔اسی طرح سابق ایف آرز پر مشتمل حلقہ پی کے 115میں جے یو آئی (ف) کے امیدوار محمد شعیب نے 18102ووٹ لے کر جیت گئے ۔ پشاور(تیمور خان) قبائلی اضلاع انتخابات میں تین اہم اور بڑی جماعتوں کا صفایا ہوگیا ،مسلم لیگ ن،پی پی پی اور کیو ڈبلیو پی کا کوئی امیدوار کامیاب ہوناتودرکناردوسرے نمبرپربھی نہ آسکا،ن لیگ کے امیدوار دو سگے بھائیوں سمیت پانچ امیدوار انتخابات میں ناکام ہوئے ،ن لیگ کے دو امیدوار ہی ہزار کا ہندسہ عبور کر سکے ہیں، پیپلزپارٹی کے 13امیدوار تھے جس میں سے کوئی کامیاب نہ ہوا۔ پی پی پی کے ایک امیدوار کو حلقہ 107پر56ووٹ ملے ،قومی وطن پارٹی جو قوم پرست جماعت کہلاتی ہے کے تین امیدواروں میں سے کوئی بھی جیتا اور نہ رنر اپ آیا،ن لیگ کو پانچ حلقوں پر کل ڈالے گئے 2لاکھ 19ہزار384ووٹوں میں سے کل 8ہزار203ووٹ ،قومی وطن پارٹی کو تین حلقوں میں 1لاکھ 21ہزار271ووٹوں میں سے 2ہزار670پیپلزپارٹی کو تیرہ حلقوں میں ڈالے گئے 6لاکھ62ہزار365ووٹوں میں سے کل 28ہزار49ووٹ ملے ۔ن لیگ کو پی کے 100 پر سب سے زیادہ 5ہزار139، حلقہ 101پر 930، حلقہ ایک سو چار پر 1ہزار15، حلقہ ایک سو چھ پر صرف 121جبکہ حلقہ ایک سو گیارہ پر 998ووٹ ملے ہیں،قومی وطن پارٹی کے امیدوار کو حلقہ ایک سو تین پر 1ہزار66، حلقہ ایک سو پانچ پر 1ہزار322اور حلقہ ایک سو تیرہ پر 282ووٹ ملے ، پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار کو سب سے زیادہ ووٹ حلقہ ایک سو تین پر 6ہزار303 ، حلقہ سو پر 3ہزار131، حلقہ ایک سو ایک پر 5ہزار920، حلقہ ایک سو دو پر 1ہزار 244، حلقہ ایک سو چار پر 2ہزار71، ایک سو پانچ پر 2ہزار239، ایک سو چھ پر 689، ایک سو سات پر 56، ایک سو آٹھ پر 1ہزار191، ایک سو نو پر 174، ایک سو دس پر 2ہزار204، ایک سو تیرہ پر 1ہزار776اور ایک سو پر 1ہزار 51 ووٹ ملے ۔