لاہور، اسلام آباد،راولپنڈی، کراچی (جنرل رپورٹر،نمائندہ خصوصی سے ،وقائع نگار،نامہ نگار خصوصی،سٹاف رپورٹر،92 نیوز رپورٹ، نیوز ایجنسیاں ) کراچی میں طیارہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں،مزید 4لاشوں کی شناخت ہوگئی جبکہ 43 میتیں ورثا کے حوالے کی جا چکیں، فرانسیسی ٹیم نے جائے حادثہ اور رن وے کا دورہ کرکے شواہد اکٹھے کئے ۔ترجمان سی اے اے کے مطابق طیارے کا بلیک باکس تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کر دیا گیا جبکہ کاک پٹ وائس ریکارڈر کی تلاش ابھی جاری ہے ۔ کراچی پہنچنے والی گیارہ رکنی فرانسیسی ٹیم نے جائے حادثہ اور رن وے کا دورہ کیا۔تباہ حال طیارے کا معائنہ کیا، شواہد کا جائزہ لیا اور تصاویر بنائیں۔سول ایوی ایشن کے فائر ڈیپارٹمنٹ اور پی آئی اے کے فلائٹ سیفٹی عملے نے انہیں بریفنگ دی۔ پاکستان میں تحقیقات کرنے والی ٹیم نے بھی ابتک کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔فرانسیسی ٹیم نے کراچی ایئرپورٹ کا بھی دورہ کیا۔ ٹیم نے رن وے کا جائزہ لیا، تصاویر بھی بنائیں اور کنڑول روم بھی گئے ۔ ٹیم نے رن وے پر اس مقام کا جائزہ لیا جہاں جہاز نے پہلے لینڈنگ کی کوشش کی تھی۔ذرائع کے مطابق پائلٹ اور کنٹرول روم کے درمیان ہونے والی گفتگو، آڈیو مسیجز اور ویڈیوز بھی فرانسیسی تحقیقاتی ٹیم کو دکھائی گئیں۔ 11 رکنی فرانسیسی ٹیم نے اے 320 طیارہ کا مکمل ریکارڈبھی طلب کر لیا۔ تحقیقاتی ٹیم مزیدچندروزپاکستان میں قیام کریگی۔ ایئرٹریفک کنٹرولر (اے ٹی سی) اور اپروچ ٹاور کنٹرولر نے تحقیقاتی کمیٹی کو تحریری جواب جمع کرادیاجس میں بتایا گیا ہے کہ کپتان نے لینڈنگ سے 10 ناٹیکل میل پر دی گئی ہدایات کو نظر انداز کیا اور لینڈنگ گیئر کھولنا کھونا ہی بھول گیا۔ ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ اینڈ انویسٹی گیشن ٹیم نے کیپٹن سجاد گل کی مجموعی فلائنگ کا ریکارڈ طلب کر لیا ۔ترجمان پی آئی اے کاکہنا ہے طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 97 ہے ، لاشوں میں 94 مکمل ،3 باقیات کی صورت ملیں،35 لاشیں قابل شناخت اور 30 ناقابل شناخت ہیں۔ترجمان کے مطابق پی آئی اے نے لواحقین کو چار انٹرنیشنل، 37 ڈومیسٹک ٹکٹیں جاری کیں، ابتک 4 میتیں لاہور اور 3 اسلام آباد پہنچائی جاچکیں، مجموعی طور پر43 میتیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔تدفین کیلئے 10 لاکھ روپے فی کس لواحقین تک پہنچائے جارہے ہیں ۔ ترجمان کا کہنا تھا 32 لواحقین، متاثرہ بے گھر13 افراد کو ہوٹل میں 21 کمرے الاٹ کیے گئے ہیں، جناح ہسپتال میں 66 اور سول ہسپتال میں 31 لاشیں لائی گئیں، ایدھی کولڈ سٹوریج میں 56، چھیپا میں 41 میتیں رکھوائی گئیں۔ ذرائع کے مطابق طیارہ حادثے میں جاں بحق 36 مسافروں کے لواحقین بغیر شناخت کے لاشیں لے گئے ۔ایدھی فائونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے بی بی سی کو بتایا کہ لواحقین اجازت نامے کے بغیر زبردستی لاشیں لے جارہے ہیں جن کی ابھی شناخت نہیں ہوئی ۔پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی کی ٹیم کراچی سے ڈی این اے کیلئے نمونے لیکر لاہورپہنچ گئی۔فارنزک ایجنسی کے سربراہ ڈاکٹر اشرف کے مطابق ڈی این اے رپورٹ آج سے جاری کرنا شروع کر دی جائے گی۔یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزکی ٹیم نے مزید3افرادکی لاشوں کی شناخت کرلی۔گزشتہ 36 گھنٹوں کے دوران یوایچ ایس کے ماہرین کی ٹیم 4افرادکی لاشوں کی شناخت کرچکی۔چاروں لاشوں کی شناخت ان کے دانتوں سے علاج کے ریکارڈکی مددسے کی گئی۔دوسری طرف 43افرادکی میتیں ورثاکے حوالے کی جا چکی ہیں جبکہ 54میتوں کی ڈی این اے رپورٹ کاانتظارہے ۔وی سی یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے کہا ٹیم آخری فرد کی شناخت تک کراچی میں رہے گی۔ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ کے سکواڈرن لیڈرن زین العارف خان کی میت کی شناخت ہو گئی ۔سکواڈرن لیڈرن زین العارف عید منانے اپنے گھرکراچی جارہے تھے ،زین العارف کی تدفین آج کورنگی قبرستان میں ہوگی۔ طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والے عمار رشید کی لاہور اور راولپنڈی کے 2 افراد راجہ آصف فیاض اورسیددانش شاہ کی نمازجنازہ راولپنڈی میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں صدر ڈاکٹر عارف علوی اوروفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے بھی شرکت کی۔آصف فیاض اور سید دانش شاہ کی میتیں پیر کے روز کراچی سے واپس لائی گئی تھیں ۔اس موقع پرصدرنے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کااظہار کیا۔ وفاقی وزیر غلام سرور خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پالپا سمیت کسی کو طیارہ حادثہ پر سیاست نہیں کرنے دیں گے ۔ سول ایوی ایشن اورایئر فورس کے افسران پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم بنا دی گئی ہے ، طیارہ بنانے والی کمپنی بھی حادثہ کی تحقیقات کرے گی واقعہ میں ملوث افراد کو سزا دی جائے گی۔ طیارہ حادثہ کی رپورٹ پارلیمنٹ سمیت عوام کے سامنے پیش کرنا میری ذمہ داری ہے ۔ نان ٹیکنیکل افراد اس معاملے پر ابہام پیدا نہ کریں شہدا کے لواحقین کو 5 ملین روپے فی کس مالی امداد دی جائے گی ۔ طیارہ حادثے میں گھروں کے نقصان کا بھی ازالہ کریں گے ۔دریں اثناء سی پی او راولپنڈی ہیڈ کانسٹیبل آصف فیاض کے گھر گئے اور شہید کے اہلخانہ کوآئی جی پنجاب کا خصوصی تعزیتی پیغام بھی پہنچایااور کفن دفن کیلئے رقم ورثا کے حوالے کی ۔