بدین(رپورٹ واثق میمن،مانیٹرنگ ڈیسک ) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب طاقتوں کو احساس ہوگا کہ پاکستان صرف عوام کے اصل نمائندے چلاسکتے ہیں۔ بدین میں پیر آف لواری شریف پیر محمد صادق قریشی کے دئیے گئے ظہرانہ کے موقع پر پیپلزپارٹی کے کارکنوں اور جماعت لواری شریف کے مریدوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ آپکے ہاتھوں سے بنائے ہوئے نمائندوں سے کام نہیں چلتا، انہوں نے تو خود کام نہیں کیا تو کیا پتا کیسے کام چلے گا، یہ کبھی دفتر میں نہیں بیٹھے ۔انہوں نے وزیراعظم عمران خان کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کوئی کھیل کر کرکٹر بن گیا، اس سے پاکستان کا لیڈر بننا مشکل ہے ، چاہے اس کی جتنی مد دکریں، مجھے سمجھ آرہی ہے کون کون کہاں کہاں مدد کررہا ہے ،کاش ہمارے دور میں بھی ایسی ہماری مدد ہوتی۔آج بھی ہمیں موقع دیا جائے تو سب سے بہتر ہماری حکومت رہے گی اور ہماری ہی حکومت سب سے بہتر تھی۔ کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے ، آج کسی گاؤں کے بچے کو بولیں تو وہ بھی بتادے گا ہمارے دور میں کیا بچت تھی اب کتنی ہے ۔ آج اس لیے اردو میں تقریر کررہا ہوں تاکہ اسلام آباد بھی سنے ، اسلام آباد کو سوچنا اور سمجھنا چاہیے کہ انسان کی ذات کی اصل قیمت کیا ہے اور یہی عوام ملک کے اصل مالک ہیں، پاکستان اسی عوام نے بنایا آپ نے لڑ کر نہیں بنایا۔سابق صدرنے کہا کہ سندھ اسمبلی نے ملک بنایا، سندھ کے حق پر ڈاکے ڈالنا چھوڑ دیں، ہم پورے پاکستان کے حق پر ڈاکا نہیں ڈالتے ، ہم جو حق ہے اس سے زیادہ دیتے ہیں۔یہ ہماری جنگ جاری رہے گی۔دوستوں کو چاہیے بے وقوف بنانا چھوڑدیں، بدین کا بھی آڈٹ ہوگا جنہوں نے بدین کے ساتھ حرام کیا انہیں حساب دینا پڑے گا۔ ملک کے عوام کو حقیقی قیادت اور حکمران دستیاب نہیں جس کے باعث ملک مشکلات ،مسائل کا شکار ہے ۔مختلف طاقتوں کی مدد آج کے حکمرانوں کو جو حاصل ہے ہمیں ان طاقتوں کی مخالفت کا سامنا تھا ۔ پاکستان سندھ اسمبلی نے بنایا تھا اس سندھ کے عوام پر اسلام آباد کے بابو اعتماد نہیں کر رہے ۔