لاہور؍ اسلام آباد(وقائع نگار؍ سپیشل رپورٹرز؍ صباح نیوز؍ 92 نیوز رپورٹ؍ نمائندگان)ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ اہل وطن نے نماز فجر میں اﷲ تعالی کے حضور سجدہ ریز ہو کر ملک کی سلامتی، بقا اور تحفظ کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے ہر سال شکر پڑیاں گرائونڈ اسلام آباد میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ کا انعقاد ہوتا ہے تاہم اس مرتبہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے روایتی پریڈ 25مارچ کو ہو گی ۔یوم پاکستان پر اسلام آباد میں ایک تصویری نمائش منعقد کی گئی ۔ کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقاریب ہوئیں۔ لاہور میں پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھالے ۔ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عامر مجید نے بھی مزار اقبال پر حاضری دی اور پھول چڑھائے ۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ملک بھر میں یوم پاکستان کے حوالے سے تقاریب ، سیمینارز اورکانفرنسز کا انعقاد کیا گیا۔کوئٹہ سمیت بلوچستان بھرمیں یوم پاکستان انتہائی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا، پاک افغان سرحدی شہر چمن میں بھی تقریب منعقد کی گئی۔پاک فضائیہ کے تمام بیسز پر یومِ پاکستان روایتی جوش وخروش سے منایا گیا۔پاک بحریہ کی مختلف یونٹس میں پرچم کشائی کی تقاریب منعقد کی گئیں۔پنجاب بھر کی تما م جیلو ں میں پرچم کشائی کی گئی۔مقبوضہ کشمیر میں بھی یوم پاکستان بھرپور انداز میں منایا گیا ، سرینگر سمیت متعدد علاقوں میں تیسرے روز بھی یومِ پاکستان مبارک کے پوسٹرز کے ساتھ پاکستان کا جھنڈا بھی لہرایا گیا، یومِ پاکستان کے پوسٹرز میں قائداعظم محمد علی جناح اور حریت رہنماؤں کی تصویریں بھی موجود ہیں، کشمیر لبریشن الائنس اور اہل جموں و کشمیر کا کہنا ہے کہ مستحکم پاکستان ہی خطے میں امن کی ضمانت ہے ۔ حریت پسند جماعتوں کے رہنمائوں نے یوم پاکستان پر اہل پاکستان کو مبار کباد دی اور پاکستان کی خوشحالی ، استحکام اور تعمیر و ترقی کی خواہش کا اظہار کیا ۔ سرینگر میں کشمیری خواتین اور بچوں کی طر ف سے تقریب میں پاکستان کا قومی ترانہ گایا اور پاکستانی پرچم لہرایاگیا، سبز اور سفید رنگ کے غبارے بھی ہوا میں چھو ڑے گئے ، تقریب میں شرکا نے کہا کہ کڑے وقت کے باوجود وہ مقدس سرزمین پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے جمع ہوئے اور دنیا کو یہ پیغام دیا کہ کشمیری مسلمان پاکستان کے مسلمانوں کے ساتھ جینا اور مرنا چاہتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی نے یوم پاکستان پر کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کا عہد کیا ۔ عارف علوی نے قوم کے نام پیغام میں کہا کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط اور خوشحال بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں ، ہم اپنے ملک میں جمہوری اقدار ، قانون کی حکمرانی اور اسلامی طرز ِزندگی کو برقرار رکھنے کا بھی عہد کرتے ہیں۔عارف علوی نے مزید کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہئے ۔دریں اثناء وزیر اعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ 15صدی پہلے نبی کریم ﷺ نے مدینہ میں پہلی فلاحی ریاست قائم کی،ریاست مدینہ قانون کی حکمرانی ، جمہوریت ، رواداری پر مبنی ہے ،ریاست مدینہ میں علم کی تلاش مقدس فریضہ تھی،چنددہائیوں میں ہی مسلمان اگلی کئی صدیوں کیلئے سب سے بڑی تہذیب بن گئے ،ریاست مدینہ میں علم کاحصول ایک عظیم ذمے داری تھی،ریاست مدینہ کی بنیادقانون کی حکمرانی،قابلیت اوربرداشت پرتھی،مسلمان جب رہنمااصولوں سے دورہوئے توان کی تہذیب زوال پذیرہوگئی،81سال قبل ہمارے قائدنے پاکستان کاخواب دیا،ریاست مدینہ کے اصولوں پرمبنی پاکستان کاتصورعظیم فلسفی شاعرعلامہ اقبال کاتھا،اب تک ہم اپنی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے میں ناکام رہے ،اس کی بنیادی وجہ قائدکے وژن پرعملدرآمدنہ کرناہے ،آج پاکستان اپنے ٹریک پرواپس آچکاہے ،طاقتورکوقانون کے تابع لایاگیا،پناہ گاہوں اورہیلتھ کارڈز کے ذریعے غریب طبقے کااحساس کیاگیا۔امریکی صدر جو بائیڈن نے صدر مملکت عارف علوی کو یومِ پاکستان پر مبارکباد دی ہے ۔امریکی صدر جو بائیڈن نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو یوم پاکستان کے موقع پر خط میں مبارکباد دیتے ہوئے لکھا ہے کہ پاکستان، امریکہ پارٹنرشپ علاقائی امن و خوشحالی کے مشترکہ مقصد پر مبنی ہے ، مشترکہ چیلنجز خصوصاً افغانستان میں قیامِ امن، کورونا وبا اور ماحولیاتی تبدیلی پر قابو پانے کیلئے باہمی تعاون جاری رکھیں گے ، ہم پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو مستقبل میں مضبوط بنائیں گے ۔ خط میں صدر جو بائیڈن نے یومِ پاکستان کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد بھی پیش کی ہے ۔بنگلہ دیش کی وزیراعظم حسینہ واجد نے وزیراعظم عمران خان کے نام خط میں پاکستان کے عوام کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلا دیش اپنے ہمسایوں بشمول پاکستان کے ساتھ پرامن اور باہمی تعاون پر مشتمل تعلقات چاہتا ہے ۔انہوں نے کہا مجھے یقین ہے کہ آئندہ سالوں میں پاکستان اور بنگلا دیش کے تعلقات میں مزید بہتری لانے کی گنجائش موجود ہے ، دونوں ملکوں کے عوام ترقی اور امن کے مشترکہ سفر سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔انہوں نے وزیر اعظم کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے وزیر اعظم عمران کو تحریر کردہ خط میں کہاہے کہ یوم پاکستان پر آپ کو، آپ کی حکومت اور ہمسایہ و دوست ملک کی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے اپنے خط میں کہاہے کہ پاکستانی اور ایرانی حکام کی مشترکہ کوششوں کے باعث باہمی تعلقات میں خاصی پیش رفت ہوئی ہے ،امید ہے کہ باہمی تعلقات کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے ۔چینی سفیرنے اپنے بیان میں کہاکہ چین کے صدر شی پنگ اور وزیراعظم لی کی کیانگ کی طرف سے یوم پاکستان کی مبارکباد دی گئی ۔ روسی سفارتخانے کے مطابق روس کے صدر ولادیمیر پوٹن کی طرف سے صدر اور وزیراعظم کو تہنیتی پیغامات بھجوائے گئے ہیں۔ قطر کے سفارتخانے کے مطابق امیر قطر تمیم بن حماد الثانی اور قطری وزیراعظم نے مبارکباد دی ۔ جرمن سفیر نے کہا تمام پاکستانیوں کو یوم پاکستان کی بہت مبارکباد! ۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہاکہ یوم پاکستان مبارک۔فرانسیسی سفارتخانے کی طرف سے بھی یوم پاکستان پر مبارکباد کا پیغام دیا گیا۔سعودی سفارتخانے سے جاری اعلامیہ کے مطابق سعودی سفارتخانہ سعودی حکومت کی طرف سے پاکستانی حکومت اور برادر پاکستانی عوام کو یوم پاکستان کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرتا ہے ۔ بیان میں کہاگیاکہ اس امید کے ساتھ کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان ہمیشہ ترقی کی جانب گامزن رہے ۔