لاہور(جنرل رپورٹر،اپنے رپورٹر سے )لاہور گرائمر غالب مارکیٹ برانچ میں طالبات سے جنسی ہراسگی کے معاملے پر تین رکنی کمیٹی نے اپنی ابتدائی رپورٹ جمع کروا دی ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برانچ کی جانب سے تعاون نہیں کیا گیا ۔ مذکورہ برانچ کے خلاف کریمنل پروسیڈنگ کی جانی چاہیے ۔ تفصیلات کے مطابق ایل جی ایس ہراسگی معاملے پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی کمیٹی نے اپنی اتبدائی رپورٹ سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی کو جمع کرا دی ۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ رپورٹ میں مذکورہ برانچ کی جانب سے عدم تعاون کا کہا گیا ہے اور برانچ انتظامیہ کے خلاف کریمنل پروسیڈنگ تجویز کی ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی اراکین نے مذکورہ برانچ سے طالبات کا ڈیٹا مانگا گیا جو نہیں دیا گیا اس کے ساتھ ساتھ مزید طالبات کے انٹرویوز کے لیے لیٹر لکھا گیا مگر دو معاملات میں تعاون نہیں کیا گیا ۔ برانچ انتظامیہ کاکہنا ہے کے ڈیٹا پرائیویسی کی وجہ سے نہیں دے سکتے اور کورونا وائرس کی وجہ سے کسی کو سکول میں نہیں بلا سکتے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اب محکمہ سکول ایجوکیشن اپنے طور پر رابطہ کرے گا ۔ دریں اثنا چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے نجی سکول میں طالبات کو جنسی ہراسانی کے واقعہ اندراج مقدمہ کے لیے تھانہ غالب مارکیٹ میں درخواست دے دی۔درخواست میں جنسی ہراسانی کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست دی گئی۔چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا ہے کہ نجی سکول میں معصوم طالبات کو جنسی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ متاثرہ طالبات کو انصاف کی فراہمی کے لیے تمام اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے ۔