نیو یارک (شوبزڈیسک) مشہور برطانوی گلوکارہ ایڈیل نے اپنے شوہر سیمون کونیکی سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔گلوکارہ کے ترجمان بینی ترنتینی اور کارل فیس نے ایک بیان کے ذریعے اس خبر کی تصدیق کردی ہے ۔ترجمان نے بتایا کہ ایڈیل اور ان کے ساتھی کے درمیان علیحدگی ہوگئی ہے ، یہ دونوں مل کر اپنے بیٹے کی پرورش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، یہ بھی چاہتے ہیں کہ آپ ان کی نجی زندگی کا احترام کریں۔یاد رہے کہ ایڈیل کے ہاں 2012 میں بیٹے کی پیدائش ہوئی جس کا نام انہوں نے اینجیلو رکھا تھا۔30 سالہ ایڈیل اور کونیکی نے 5 سال تک تعلق رکھنے کے بعد 2016 میں خفیہ شادی کی تھی۔گلوکارہ نے پورے ایک سال اپنی شادی کو سب سے چھپایا تاہم 2017 میں گریمی ایوارڈز کی تقریب کے دوران جب انہیں ایوارڈ سے نوازا گیا تو انہوں نے اپنی تقریر میں شادی کا اعلان کیا۔