کراچی( نیٹ نیوز) ترکی کی مقبول اداکارہ اسریٰ بلجک نے کہا ہے کہ انہیں کشمیر کے متعلق جاننے میں بہت زیادہ دلچسپی ہے اور وہ اپنی دستاویزی فلم کے لیے کشمیر کا دورہ کرنے کی خواہشمند ہیں۔ترک ڈرامہ سیریز ’’ارطغرل غازی‘‘ میں حلیمہ سلطان کا مرکزی کردار اداکرنے والی اداکارہ نے حال ہی میں ایک پاکستانی میگزین کے لیے فوٹوشوٹ کرایا اور انٹرویو دیا ہے ۔ انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا مجھے امید ہے اس دستاویزی منصوبے کے ایک حصے کے طور پر میرا پہلا دورہ پاکستان کا ہوگا۔مجھے بابوسر کاغان وادی کے پہاڑی علاقوں سے محبت ہے ۔ اس کے علاوہ آزاد کشمیر کی لیپا وادی اور گلگت بلتستان کے دیوسائی علاقے میں کیمپ کا منصوبہ بھی ہے ۔اسریٰ بلجک نے مزید بتایا کہ میں مقامی افراد کی مدد کرنا ،ان کی مشکلات سننا، ان کی تصاویر بنانا چاہتی ہوں اور دنیا بھر کو ان کی مشکلات سے آگاہ کرنا چاہتی ہوں۔ انٹرویو کے آخر میں اسریٰ بلجک نے ڈرامہ سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘کو پاکستانیوں سے ملنے والی محبت کے بارے میں کہا کہ پاکستانیوں کی محبت کا شکریہ ، حلیمہ سلطان کا کردار مجھے انعام کی طرح ملا۔