پاکستان ایروناٹیکل کمپلکس نے ایف ۔ جے 17لڑاکا طیاروں کی اوورہالنگ کی صلاحیت حاصل کر کے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا۔ چار میں سے دو طیارے چین اور دو مقامی طور پر ایئر کرافٹ ریبلڈ فیکٹری کامرہ میں تیار ہوئے ہیں اس وقت ہم سائنس اور ٹیکنالوجی کے جدید ترین دور سے گزر رہے ہیں۔ جہاں ہر ملک کو جدید چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے اعلیٰ ترین سائنسی ذہانت اور خود انحصاری کے ساتھ بدلتے ہوئے حالات کے ساتھ چلنا پڑتا ہے۔ پاک فضائیہ کی لڑاکا طیاروں کی اوورہالنگ کی صلاحیت قابل فخر کارنامہ ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری فضائیہ جدید دنیا کے کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے ۔پاک فضائیہ کے انجینئر اس کارنامہ پر بجا طور پر مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ اس صلاحیت سے نہ صرف پاک فضائیہ کواپنے اہداف کے حصول میں آسانی حاصل ہو گی بلکہ یہ پاک فضائیہ کے انجینئرز اور اس کے تکنیکی عملے کے لئے نئے عزم و حوصلے کا باعث بھی بنے گی‘ جس میں دن بدن مزید ترقی کے امکانات روشن ہونگے ۔ پاک فضائیہ کا شمار اس وقت دنیا کی قابل ترین افواج میں کیا جاتا ہے جس نے 65ء اور 71ء کی پاک بھارت جنگوں میں ناقابل یقین حد تک کامیابیاں حاصل کر کے دنیا کو حیران کر دیا تھا۔اوورہالنگ کے سفر میں حالیہ کامیابی اس عظیم فورس کا ایک نمایاں پہلو ہے جس سے اس نے اس شعبے میں بھی اپنی صلاحیتوں کا سکہ منوا لیا ہے۔