لاہور (کلچرل رپورٹر )معروف اداکار ہمایوں سعید نے تصدیق کی ہے وہ ایک تاریخی موضوع پر ڈرامہ بنانے جارہے ہیں۔ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ 2 سال قبل انہوں نے 'ارطغرل غازی' دیکھا تھا اور اس وقت یہ ضروری سوچا تھا کہ وہ بھی ایسا تاریخی ڈرامہ بنائیں گے ۔اب جبکہ یہ ڈرامہ پی ٹی وی پر نشر کیا جارہا ہے اور کامیاب ثابت ہورہا ہے تو وہ ضرور ایک تاریخی ڈرامے پر کام کریں گے ۔ہمایوں سعید نے بتایا کہ خلیل الرحمٰن قمر اس ڈرامے کا سکرپٹ تحریر کریں گے جبکہ سلمان اقبال اسے پروڈیوس کریں گے ۔ہمایوں سعید نے واضح کیا کہ وہ 'ارطغرل غازی' کا ریمیک نہیں بنارہے ، ان کا ڈرامہ بھی تاریخی لیکن 'ارطغرل غازی' کا ریمیک نہیں ہوگا۔