فیصل آباد،لاہور(سٹاف رپورٹر،خصوصی رپورٹر، سٹی رپورٹر،92 نیوزرپورٹ) سابق وزیرمملکت برائے داخلہ اورن لیگی رہنماطلال چودھری نے کہا ہے مجھے تنظیم سازی کے حوالے سے رات تین بجے تھانہ مدینہ ٹاؤن کے علاقہ عبداللہ گارڈن کینال روڈ فیصل آبادمیں لیگی خاتون رکن قومی اسمبلی کے بھائی کے گھر بلا کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا،قیمتی موبائل فونز ، گھڑیوں سمیت دیگر سامان چھین لیا گیا، اگر فون واپس مل جائے یا ملزمان کی خواتین کی کالیں چیک کی جائیں تو سارا معاملہ کھل کر سامنے آ جائیگا۔بعد ازاں طلال چودھری نے وضاحتی بیان میں اپنے پہلے بیان سے ہی مکر گئے اور کہا واقعہ کا کسی خاتون رکن قومی اسمبلی سے کوئی تعلق نہیں، مجھ سے متعلق ذرائع سے چلنے والی خبریں حقائق پر مبنی نہیں، بعض حکومتی شرپسندوں کا واقعہ کوسیاسی رنگ دیناقابل مذمت ہے ،سب ماؤں، بہنوں ،بیٹیوں کی عزت اور وقار کا خیال رکھا جائے ،درخواست ہے میڈیاخواتین سے متعلق خبریں چلانے میں احساس کرے ،میراموقف آنے تک ایسی خبریں نہ دی جائیں،واقعہ کے بارے میں تفصیلی موقف جاری کرونگا۔معاملہ کو مزید بڑھنے سے رو کنے کیلئے اہم لیگی شخصیات فریقین میں صلح صفا ئی کیلئے سرگرم ہوگئیں تاہم سابق وزیر مملکت معاملہ میں لچک دکھانے کو تیار نہیں اورقانونی کا رروائی پر بضد ہیں۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق لاہور کے نجی ہسپتال میں زیر علاج طلال چوہدری کے بازو اور کندھے فریکچر ہو ئے ہیں جن کی ڈا کٹرز نے سر جریز کر دی ہیں ، ڈا کٹرز کا کہنا ہے انکی صورتحال تسلی بخش ہے ،چند روز تک صحت یاب ہو نے کے بعد انہیں ہسپتال سے چھٹی مل جائیگی۔طلال چودھری پرتشددکے فوری بعدکی ویڈیوز بھی سامنے آگئی جس میں وہ پسینے میں شرابورہیں اوربازوفریکچرہے ۔ویڈیو میں طلال چودھری کوکہتے سناجاسکتاہے کہ مجھے 3بارکال کرکے بلوایا اورتشددکانشانہ بنایاگیا،مسلم لیگ ن کاضلعی صدرمیاں قاسم بھی میرے ہمراہ تھا،ایس پی سہیل کوبلائیں اوربتائیں میرے ساتھ کیاواقعہ ہواہے ۔ایک اور ویڈیو میں طلال چودھری پولیس کے ہمراہ گھرکے مختلف حصوں کی تلاشی لے رہے ہیں،واقعہ کے بعد خاتون لیگی ایم این اے کے گھرکے باہرپولیس تعینات کردی گئی۔لیگی خاتون ایم این اے کی 15پرکال کاریکارڈبھی سامنے آگیا،خاتون رکن نے گھرکے سامنے 4مسلح افرادکی موجودگی کی اطلاع دی،اسی شب طلال چودھری نے بھی تین چارگھروں میں واردات کی اطلاع دی ،نمائندہ 92نیوزفیصل آبادکے مطابق طلال چودھری کی ویڈیواور15پر کال میں اپنائے گئے موقف میں تضادہے ۔ ایف آئی آرنہیں کاٹی گئی،ایس ایچ اوآفتاب وسیم کے مطابق انکوائری شروع کردی، طلال چودھری کی درخواست کے بعد قانونی کا رروائی کرینگے ۔لیگی ایم این اے عائشہ رجب بلوچ کے بھائی سلمان ٹوانہ نے نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو میں کہامیرا طلال چوہدری سے کوئی جھگڑا تھا نہ ہی مجھے اس واقعے کا علم ہے ۔