لاہور(سٹاف رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،مانیٹرنگ ڈیسک)ملک میں جاری طوفانی بارشوں نے ترسیلی نظام کو درہم برہم کر دیا ، بارش والے علاقوں میں بڑے پیمانے پر بجلی کی بندش ،سینکڑوں فیڈرزاوردرجنوں گرڈ ٹرپ کر گئے ۔ سینکڑوں ٹرانسفارمرز بھی جل گئے ،اسلا م آباد ، راولپنڈی کے جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش سے ہر طرف پانی جمع ہوگیا،نشیبی علاقے پانی سے بھر گئے ، فیصل آباد اور گجرات میں پانی سڑکوں پر کھڑا ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔پشاور میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔ ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث ہونے والے سیلابی ریلے کئی مقامات پر کھمبے بھی اپنے ساتھ بہا کر لے گئے ۔ بالائی علاقے کا بڑا حصہ گزشتہ 48 گھٹنوں سے بجلی کی فراہمی سے محروم ہے ۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں جاری طوفانی بارشوں کے باعث ان علاقوں میں بجلی کا ترسیلی نظام شدید متاثر ہوا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روزہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، ڈی جی خان ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ پشاور، شہید بینظیرآباد ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی کہ بدھ سے لے کر اتوار تک ملک کے مختلف شہروں میں بارش جم کر برسے گی۔