لاہور(نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے طیارہ حادثہ کیس میں ملوث سابق ڈی جی سول ایوی ایشن ندیم خان یوسفزئی کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔گزشتہ روز جسٹس کاظم رضا شمسی کے روبرو درخواست گزار ندیم خان نے موقف اختیارکیا کہ بھوجا ایئرلائن کا جہاز گرنے کے بعدعدالتی حکم پر قائم جوڈیشل کمیشن نے اپنی رپورٹ میں مجھے بھی حادثہ کا ذمہ دار ٹھہرایا ۔جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں اور عدالتی حکم پر اسلام آباد میں واقعہ کا مقدمہ درج ہو چکا ہے ۔تاہم طیارہ حادثہ سے میرا کوئی تعلق نہیں، میرے خلاف درج مقدمہ بالکل بے بنیاد ہے ۔ متعلقہ ٹرائل عدالت میں پیش ہو کر اپنی بیگناہی ثابت کرنا چاہتا ہوں۔ لہٰذا مجھے ٹرائل عدالت میں پیش ہونے کیلئے حفاظتی ضمانت دی جائے ۔