مظفرگڑھ ، فیصل آباد (نمائندہ 92 نیوز، آن لائن ) مظفرگڑھ میں تین منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی، مزدوروں سمیت ایک ہی خاندان کے دس سے زائد افراد ملبے تلے دب گئے ، ملبے تلے دب کر آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ دو بچوں سمیت پانچ افراد کو انتہائی تشویشناک حالت میں ملبے تلے سے نکال لیا گیا، ، مظفر گڑھ شہر کے وسط میں قنوان چوک کے نزدیک زیر تعمیر تین منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی ، پرانی تین منزلہ عمارت کے ساتھ مارکیٹ کی تعمیر کے باعث عمارت زمین بوس ہوگئی ، ریسکیو کی ٹیموں نے امدادی کار روائی شروع کردی ، پولیس اہلکار اور میونسپل کارپوریشن کے اہلکار بھی امدادی کاموں میں شریک رہے ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے اضافی عملہ طلب کرلیا گیا ۔فیصل آباد میں ٹیکسٹائل ملز میں بوائلر پھٹنے سے خوفناک دھماکے کے نتیجے میں 5افراد جاں بحق جبکہ 15زخمی ہو گئے ‘فیکٹری کی چھت محنت کشوں پر گر گئی ، 7 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ، منگل کے روز سرگودھا روڈ پر واقعہ ایم اے ٹیکسٹائل ملز میں محنت کش فیکٹری میں کام کر رہے تھے کہ اچانک بوائلر پھٹنے سے خوفناک دھماکہ ہوا ‘دھماکے کی شدت کے باعث بلڈنگ کی چھت مزدوروں پر آگری ، جاں بحق افراد میں چک نمبر 2 رام دیوالی سرگودھا روڈ کے لیاقت ، 37 سالہ عرفان، 35 سالہ کاشف، محلہ غلام محمد آباد اور 38 سالہ عبدالرزاق ولد لطیف سکنہ 118 ج ب اور طارق شامل ہیں ، زخمیوں میں محمد یونس، سجاول، اﷲ دتہ، عرفان، فیضان ، سکندر علی، اکبر علی، ارشد، طارق اور اﷲ دتہ شامل ہیں، ایمرجنسی ، ریسکیو اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد علی نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ۔