اسلام آباد،لاہور(سپیشل رپورٹر،اپنے رپورٹر سے ) ادھر وزیراعظم نے نواز شریف کی جانب سے لابنگ کیلئے امریکی کمپنیوں کو قومی خزانے سے خطیر رقم کی ادائیگیوں پر نوٹس لیتے ہوئے ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کر دی،وزیراعظم نے بیرون ملک قانونی مقدمات پر اٹھنے والے اخراجات کے آڈٹ کا بھی فیصلہ کر لیا، عمران خان نے وزارت قانون و انصاف سے مقدمات کی پیروی کرنے والے وکلا کی فہرست مانگ لی، ساتھ ہی وکلا کو ادائیگوں کی تفصیلات بھی فراہم کرنے کی ہدایت کر دی،نوازشریف نے اپنے دور حکومت میں امریکی کمپنیوں کیمبرج اینالیٹکا اور روبیٹو گلوبل کی خدمات حاصل کی تھی، کمپنیوں سے ملکی اور غیرملکی سطح پر سروے کروایا جاتا تھا جن میں حکومتی کامیابیوں اور دوسرے ممالک سے بہتر تعلقات کا ذکر ہوتا تھا۔قبل ازیں اقتصادی راہداری سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں کی قبل ازوقت تکمیل سے عوام کو وسیع معاشی مواقع ملیں گے ،سی پیک منصوبوں میں مغربی روٹ کو ترجیح دی جائے ، اجلاس میں سی پیک منصوبوں پرپیش رفت کا جائزہ لیا گیا،وزیر اعظم نے سی پیک منصوبو ں پرکام کی رفتارتیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک بزنس ایڈوائزری کونسل تشکیل دی جائے ، پاکستان عوام کوغربت سے نکالنے کیلئے چینی تجربے سے فائدہ اٹھاسکتا ہے ، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سی پیک اقتصادی زونزپرکام تیزکرنے کیلئے چارہفتے میں سفارشات دیں،پاک چین تعاون سے زرعی و صنعتی شعبوں کو ترقی ملے گی ، منصوبے جلد مکمل کرنا پاکستان کے مفاد میں ہے ،اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار نے آٹھویں جے سی سی میٹنگ اور سی پیک منصوبوں کی اب تک کی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی ۔وزیر اعطم عمران خان نے اس موقع پر اجلاس میں ہدایت کی کہ گوادر بندرگاہ کو بین الاقوامی معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا جائے ،انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستان میں زراعت کی ترقی کے لئے روڈ میپ کو حتمی شکل دی جائے ،اور چینی کمپنیوں کو ترغیب دی جائے کہ وہ پاکستان میں زراعت کے شعبہ میں بھی سرمایہ کاری کریں ۔دریں اثنانیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں پیش رفت کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا حکومت کے پچاس لاکھ گھروں کے ہاؤسنگ پراجیکٹ کی پیش رفت سے عوام کو مسلسل آگاہ رکھا جائے ،اجلاس میں وزیرِ اعظم کونیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلے میں کیے جانے والے قانونی اور انتظامی اقدامات کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا، اجلاس میں بیرون ملک سے آنے والے سرمایہ کاروں کی رہنمائی اور معاونت کے لئے بورڈ آف انویسٹمنٹ میں ہاؤسنگ پراجیکٹ کے لئے خصوصی سیل کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔علاوہ ازیں وزیر اعظم سے امریکی ری پبلکن پارٹی کے سرگرم کارکن ساجد تارڑ اور جیسی سنگھ نے ملاقات کی، جیسی سنگھ نے سکھ کمیونٹی کی جانب سے کرتارپور کوریڈور کھولنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔بعدازاں عمران خان سے چودھری غلام حسین، ابوذر بخاری، راجہ ہارون نذیر اورکمال ناصربھی ملے ،ملاقات میں ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ اور برآمدات میں اضافہ کے لیے تجاویزکے علاوہ وزیر اعظم کے "نیا پاکستان ہاؤسنگ پروجیکٹ " کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا ۔ادھر وزیراعظم عمران خان نے عوامی شکایات کے ازالے میں کوتاہی پر تمام اداروں اور صوبوں کو تنبیہہ کرتے ہوئے مراسلہ جاری کیا ہے جس میں شہریوں کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ،وزیراعظم عمران خان کے سیکرٹری اعظم خان کی جانب سے جاری مراسلے میں تمام حل شدہ شکایات کا ازسر نو جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے ایک ماہ کے اندر وزیراعظم کو جامع رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اسکے علاوہ تمام چیف سیکرٹریز کو ایک ماہ کے اندر وزیراعظم کو سرٹیفکیٹ فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شہریوں کو شکایات کے سلسلے میں تکلیف پر باقاعدہ معذرت کی جائے ۔