لاہور(وقائع نگار) تحریک انصاف کے صوبائی وزیر چودھری ظہیرالدین نے پنجاب سے نو منتخب سینیٹر کامل علی آغا اور ارکان صوبائی اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ ارکان اسمبلی نے سینیٹر کامل علی آغا کو بلامقابلہ انتخاب پر مبارکباد دی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سینٹ کا بلامقابلہ انتخاب ایک احسن پیش رفت ہے ، کشیدگی کے سیاسی ماحول میں جمہوریت کو پروان چڑھنے کا موقع ملا، تمام سیاسی جماعتوں نے افہام و تفہیم سے درست فیصلہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی معاملات میں مشاورت پر یقین رکھتے ہیں، ایوان کے اندر اور باہر ہمیشہ قومی مفادات کو ترجیح دیتے ہیں، عوام کی خدمت کا جذبہ رکھ کر سیاست کرنے سے خلق خدا بھی خوش ہوتی ہے ۔نومنتخب سینیٹر کامل علی آغا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کا قومی معاملات میں وژن بڑا واضح ہے ، اپنے اوپر اتحادی جماعتوں کے اعتماد کرنے پر شکر گزار ہوں۔