لاہور(سپورٹس رپورٹر)لاہور سے تعلق رکھنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر عابد علی نے سری لنکا کیخلاف اپنے اولین ٹیسٹ میچ میں تاریخ رقم کردی۔ عابد علی کی اس شاندار کارکردگی پر ان کے گھر میں خوشیوں کی بہار آگئی ۔عابد علی کے سنچری سکورکرتے ہی ان کے عزیز واقارب ان کے گھر جمع ہوگئے ۔اس موقع پر عابد علی کے والد محمد ارشد نے کہا کہ اپنے بیٹے کے اس کارنامے پر اﷲ کا جتنا بھی شکر ادا کروں وہ کم ہے ۔ عابد نے یہ کارنامہ سر انجام دے کر ہمارے سر فخر سے بلند کردئیے ۔ عابدعلی کی والدہ نے کہا کہ آج اپنے بیٹے کے عالمی ریکارڈ پر بہت خوش ہوں ۔ اﷲ رب العزت نے عابد کی 19سالہ محنت کا بہترین صلہ دیا ہے ۔ عابد علی کے چچا کا کہنا تھا کہ آج ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں ہے کیوں کہ انہوں نے عابد علی کو آغاز کے دنوں میں کرکٹ کھلائی۔انہوں نے بتایا کہ عابد کو اسکی محنت کا پھل ایک ریکارڈ کی صورت میں ملا ہے ۔ قومی ٹیم میں کھیلنا عابد علی کا خواب تھا۔ اس موقع پر مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔