راولپنڈی(نامہ نگار خصوصی)راولپنڈی چیمبر آ ف کامرس میں موجودہ معاشی صورتحال پر تاجروں کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیاہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی کم قیمتوں کا فائدہ براہ راست انڈسٹری تک پہنچایا جائے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی لائی جائے ۔ ایف بی آر اور دوسرے حکام ٹیکس کلیکشن کی آڑ میں تاجروں کو ہراساں نہ کر یں شرح سود میں فوری طور پر ایک سو بنیادی پوائنٹس کی کمی کی جائے ۔فروری میں پاکستان میں افراط زر میں دو فیصد کی کمی آچکی ہے اس لیے شرح سود برقرار رکھنے کو کوئی جواز نہیں ہے موجودہ 13.25فی صد کی شرح برقرار رکھنے سے مارکیٹ خاص طور پر نجی شعبے میں غیر یقینی میں اضافہ ہو گا۔ حکومت فوری طور پر ایس ایم ایز اور کاٹیج انڈسٹری کے لیے پیکیج لے کر آئے پٹرول اور ڈیزل پر لیوی کی شرح کم کی جائے حکومت حالات کی سنگینی کا احساس کرے ، بزنس کمیونٹی کی طرف سے یہ ایس او ایس کال ہے اجلاس میں سینئر نائب صدر نوشیروان خلیل خان، نائب صدر حمزہ سروش، آر سی سی آئی کے سابق صدور،شہر کی انجمن تاجران کے صدوراور رئیل سٹیٹ،آٹو، آٹو سپیئر پارٹس، جمز اینڈ جیولری، ایچ وی اے سی آر، ، فرنیچر، شو ، ماربل انڈسٹری سمیت اہم شعبوں کے نمائندوں اور عہدے داروں نے بھرپور شرکت کی گئی۔